گوا میں کل رات ایک المناک حادثہ پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق ایک جاترا کے دوران لارائی مندر میں بھگدڑ مچنے سے 7 افراد ہلاک اور 30 سے زیادہ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب اچانک بڑی بھیڑ میں خوف و ہراس پھیل گیا جس کی وجہ سے لوگ اپنی جان بچانے کیلئے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ بھگدڑ کے دوران صورتحال انتہائی خوفناک ہو گئی اور لوگ ایک دوسرے پر گرتے ہوئے باہر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایمرجنسی سروسز موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر راحت اور بچاؤ کام شروع کر دیا گیا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔حکام نے ابھی تک باضابطہ طور پر بھگدڑ کی وجہ کی تصدیق نہیں کی ہے لیکن ابتدائی رپورٹس سے پتہ چلتاہے کہ یہ حادثہ زیادہ بھیڑ اور مناسب انتظامات کی کمی کے باعث پیش آیا۔ اس دوران اطلاع ہے کہ چیف منسٹر پرمود ساونت حادثے میں زخمی لوگوں کی حالت جاننے کیلئے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
بتادیں کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سی ایم پرمود ساونت سینئر افسران کے ساتھ موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ وہ ہسپتال بھی گئے اور زخمیوں کا حال بھی دریافت کیا۔ دریں اثنا، ریاستی وزیر صحت وشواجیت رانے نے کہا کہ کم از کم 30 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے آٹھ کی حالت نازک ہے اور دو کو بمبولم کے گوا میڈیکل کالج اور اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو خواتین سمیت چار لوگوں کو مردہ حالت میں شمالی گوا کے ضلع اسپتال میں لایا گیا ہے۔
وزیر صحت نے مزید بتایا کہ آٹھ زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جب کہ 10 کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ رانے نے کہا کہ محکمہ صحت نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اور جامع اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع ملتے ہی 108 ایمبولینس سروس سے رابطہ کیا گیا اور موقع پر جانے کی ہدایت کی گئی۔یاد رہے کہ گوا میں لیرائی دیوی کی پوجا کی بہت اہمیت ہے۔ ریاست کے جنوبی حصے میں واقع گاؤں شیرگاؤں میں ان کی خصوصی پوجا کی جاتی ہے۔ اس دیوی کی پوجا قریبی لوگوں اور مقامی لوگوں میں کافی مقبول ہے۔