Sunday, May 04, 2025 | 06, 1446 ذو القعدة
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • پہلگام دہشت گردانہ حملہ:ہندوستان نے پاکستان سے ہر قسم کی درآمدات پر پابندی عائد کی

پہلگام دہشت گردانہ حملہ:ہندوستان نے پاکستان سے ہر قسم کی درآمدات پر پابندی عائد کی

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: May 03, 2025 IST     

image
پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان نے پاکستان سے ہر قسم کی درآمدات پر پابندی لگا دی ہے ۔ بھارت نے پاکستان سے تمام براہ راست اور بالواسطہ درآمدات فوری طور پر روک دی ہیں۔اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 'پاکستان سے آنے والے یا برآمد ہونے والے تمام سامان کی براہ راست یا بالواسطہ درآمد یا ٹرانزٹ پر فوری طور پر اگلے احکامات تک پابندی رہے گی۔
 

حکم میں کیا کہا گیا ہے؟

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ (DGFT) نے اس نوٹیفکیشن میں واضح کیا کہ یہ فیصلہ قومی سلامتی اور عوامی پالیسی کے مفاد میں کیا گیا ہے۔ اس پابندی کے کسی بھی استثناء کے لیے حکومت ہند کی منظوری درکار ہوگی۔یہ پابندی غیر ملکی تجارتی پالیسی 2023 میں ایک نئی شق کے طور پر شامل کی گئی ہے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پابندی میں کوئی نرمی حکومت ہند کی خصوصی منظوری کے بعد ہی دی جائے گی۔
 

بھارت پاکستان سے کیا درآمد کرتا ہے؟

بھارت بنیادی طور پر پاکستان سے فارما مصنوعات، پھل اور تیل کے بیج جیسی اشیا درآمد کرتا ہے۔ تاہم، یہ بہت کم تعداد میں ہوتا ہے۔2019 کے پلوامہ حملے کے بعد اس میں نمایاں کمی آئی تھی ، جب ہندوستان نے پاکستانی مصنوعات پر 200 فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کی تھی۔اس کے بعد سے درآمدات تقریباً رک گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2024-25 میں ہندوستان کی کل درآمدات میں پاکستان کا حصہ 0.0001 فیصد سے کم تھا۔
 

پاکستان اور بھارت کے درمیان کتنی تجارت ہوتی ہے؟

حالیہ برسوں میں بگڑتے تعلقات کی وجہ سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تجارت میں زبردست کمی آئی ہے۔وزارت تجارت کے مطابق اپریل 2024 سے جنوری 2025 کے درمیان ہندوستان نے پاکستان سے صرف 3.55 کروڑ روپے کا سامان درآمد کیا ہے۔ یہ پچھلے سال کی اسی مدت میں درآمد کیے گئے 24.18 کروڑ روپے سے بہت کم ہے۔اسی مدت کے دوران پاکستان کو ہندوستان کی برآمدات بھی 9,000 کروڑ روپے سے کم ہو کر 3,700 کروڑ روپے رہ گئیں۔