• News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کی شاندار فیلڈنگ، سنسنی خیز مقابلے میں آسٹریلیا کو ایک رن سے شکست

جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کی شاندار فیلڈنگ، سنسنی خیز مقابلے میں آسٹریلیا کو ایک رن سے شکست

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Aug 01, 2025 IST     

image
ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) 2025 کے ٹائٹل میچ کے لیے مرحلہ طے پا گیا ہے۔ 2 اگست کو برمنگھم میں کھیلے جانے والے اس فائنل میچ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ آمنے سامنے ہوں گے۔اس سے قبل دوسرے سیمی فائنل میچ میں جنوبی افریقہ نے 41 سالہ کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کی شاندار فیلڈنگ کی بدولت آسٹریلیا کو ایک رن سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ پہلے سیمی فائنل میں، ٹیم انڈیا نے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کے بعد پاکستان بغیر کھیلے فائنل میں پہنچ گیا۔

آسٹریلیا آخری گیند پر ہار گیا:

ڈبلیو سی ایل 2025 کے دوسرے سیمی فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی چیمپئن ٹیم نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 186 رنز بنائے۔ ہدف کا تعاقب کرنے والی آسٹریلیا چیمپئنز کو آخری گیند پر تین رنز درکار تھے لیکن کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کے درست تھرو نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے میں ایک رن سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ آسٹریلوی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 185 رنز ہی بنا سکی۔

ڈی ویلیئرز سیمی فائنل میں بلے سے فلاپ ہو گئے:

قبل ازیں جنوبی افریقہ کی ٹیم جنوبی افریقہ کے اوپنر جے جے اسمٹس اور وکٹ کیپر بلے باز مورنے وین وِک کی شاندار نصف سنچری اننگز کی مدد سے 186 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ اس میچ میں کپتان اے بی ڈویلیئرز کچھ خاص نہ کر سکے اور صرف 6 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد جے جے اسمٹس اور مورنے وین وِک نے دوسری وکٹ کے لیے 60 گیندوں میں 111 رنز کی شراکت داری کی۔
 
جے جے اسمٹس  نے 41 گیندوں پر 8 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ وکٹ کیپر بلے باز مورنے وین وِک نے 35 گیندوں پر 5 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ کوئی اور بلے باز بڑا اسکور نہ کر سکا۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹر سڈل نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں۔ڈی آرسی شارٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان بریٹ لی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے تیز شروعات کی۔

آسٹریلیا کا تیز آغاز:

جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے گئے 187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا چیمپئنز نے تیز شروعات کی۔ اوپنر شان مارش (25) اور کرس لین (35) نے پہلی وکٹ کے لیے 27 گیندوں میں 45 رنز جوڑے۔ پہلی وکٹ گرنے کے بعد مارش نے ڈی آرسی شارٹ (33) کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا، لیکن مارش کے آؤٹ ہوتے ہی آسٹریلیا کی اننگز ڈگمگا گئی۔
 
آسٹریلیا کی جانب سے ڈینیئل کرسچن نے 29 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 49 رنز بنائے۔ اس کے بعد کوئی بھی بلے باز کریز پر نہ ٹھہر سکا اور آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 185 رنز ہی بنا سکی۔ آخری گیند پر آسٹریلیا کو جیت کے لیے ایک گیند پر تین رنز درکار تھے لیکن وین پارنیل کی شاندار باؤلنگ اور اے بی ڈی ویلیئرز کے درست تھرو نے کینگروز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔