دہلی کے سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کے بعد عام آدمی پارٹی (AAP) کے سینئر لیڈر اور سابق نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا نے بھی دہلی ہائی کورٹ کی جسٹس سورن کانتا شرما کی عدالت کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔سسودیا نے جسٹس شرما کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ وہ ان کے سامنے چل رہے شراب پالیسی کیس کی کاروائی میں حصہ نہیں لیں گے اور نہ ہی آگے بحث کریں گے۔ انہوں نے لکھا کہ جسٹس شرما کی غیر جانبداری کے بارے میں ان کے شکوک و شبہات اب بھی حل نہیں ہوئےہیں۔
سسودیا نے خط میں کیا لکھا؟
سسودیا نے اپنے خط میں لکھا، جسٹس شرما کی آل انڈیا ایڈووکیٹس کونسل (ABAP) کے پروگراموں میں بار بار عوامی شرکت، ان کے بچوں کا مرکزی سرکاری پینل کے ساتھ پروفیشنل تعلق اور ان کے سامنے پیش ہونے والے سرکاری وکلاء کے ساتھ ان کی قربت مجھے بہت پریشان کرتی ہے۔انہوں نے پوچھا کہ کیا جج کا یہ فرض نہیں تھا کہ وہ اپنے بچوں کے مرکز کی حکومت کے ساتھ تعلق کی صورتحال کو ظاہر کریں؟
میں ایسا نہیں کر سکتا : سسودیا
سسودیا نے خط میں مزید لکھا، کیجریوال کی طرح میری تشویش بھی عدالت کے خلاف دشمنی سے پیدا نہیں ہوئی ہے۔ اس لیے میرے سامنے سوال سیدھا سا ہے: کیا میں غیر جانبدار انصاف کی تصویر کو لے کر سنگین خدشات رکھتے ہوئے ایمانداری سے ان کاروائیوں میں حصہ لینا جاری رکھ سکتا ہوں؟ بہت غور و فکر کے بعد، میرا جواب کیجریوال کے جواب جیسا ہی ہے۔ میں ایسا نہیں کر سکتا۔
کیا ہے معاملہ؟
دہلی کی نچلی عدالت نے 27 فروری کو شراب پالیسی کیس میں اروند کیجریوال اور منیش سسودیا سمیت 22 دیگر ملزمان کو بری کر دیا تھا اور CBI افسر کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ سی بی آئی نے اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا، جس کی سماعت جسٹس سورن کانتا شرما نے کی۔ انہوں نے نچلی عدالت کے فیصلے پر روک لگا دی۔ اس کے بعد کیجریوال نے جسٹس شرما سے خود کو کیس سے الگ کرنے کی عرضی دائر کی، جسے جسٹس شرما نے مسترد کر دیا۔