Thursday, May 21, 2026 | 03 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • دہلی ہوائی اڈے پر ایبولاوائرس کو لے کر الرٹ، متاثرہ ممالک سے آنے والےمسافروں پر خصوصی نظر

دہلی ہوائی اڈے پر ایبولاوائرس کو لے کر الرٹ، متاثرہ ممالک سے آنے والےمسافروں پر خصوصی نظر

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 21, 2026 IST

دہلی ہوائی اڈے پر ایبولاوائرس کو لے کر الرٹ، متاثرہ ممالک سے آنے والےمسافروں پر  خصوصی نظر
افریقہ میں ایبولا وائرس کے بڑھتے ہوئے قہر کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعرات کو ہیلتھ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس الرٹ کے تحت، ایبولا سے متاثرہ ممالک سے آنے والے یا وہاں سے گزرنے والے مسافروں میں علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر ایئرپورٹ ہیلتھ حکام کو رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ ایڈوائزری عوامی صحت کے حفاظتی اقدامات اور ایئرپورٹ نگرانی کے جدید ترین پروٹوکول کے ایک حصے کے طور پر جاری کی گئی ہے۔
 
ان ہائی رسک ممالک سے آنے والے مسافروں پر خصوصی نظر:
 
مرکزی وزارتِ صحت کے تحت کام کرنے والے 'ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز' نے اپنی ایڈوائزری میں واضح کیا ہے کہ جمہوریہ کانگو (DR Congo)، یوگنڈا اور جنوبی سوڈان جیسے ایبولا سے متاثرہ ممالک سے آنے والے مسافروں کو اس بیماری کی علامات کے بارے میں انتہائی محتاط رہنا ہوگا۔
 
ایڈوائزری کے مطابق، اگر کسی مسافر میں'تیز بخار، سر درد ،شدید کمزوری،الٹی، اسہال (دست)،گلے میں سوزش سمیت دیگر علامات نظر آئیں، تو اسے امیگریشن کلیئرنس سے پہلے ہی فوری طور پر ایئرپورٹ ہیلتھ آفیسر سے رابطہ کرنا ہوگا۔
 
عالمی ادارۂ صحت کا الرٹ اور مودی حکومت کے اقدامات:
 
عالمی ادارۂ صحت (WHO) کی جانب سے ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو اور یوگنڈا میں پھیلے ایبولا وائرس کو 'پبلک ہیلتھ ایمرجنسی آف انٹرنیشنل کنسرن' (بین الاقوامی تشویش کی عوامی صحت کی ایمرجنسی) قرار دیے جانے کے بعد مودی حکومت صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ڈی جی ایچ ایس (DGHS) نے ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں، تاکہ باہر سے آنے والے مسافروں کی سخت اسکریننگ کی جا سکے۔
 
بھارت کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں؛ وزارتِ صحت کی وضاحت:
 
وزارتِ صحت کے اعلیٰ حکام، نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اور انٹیگریٹڈ ڈیزیز سرویلنس پروگرام نے ایک مشترکہ اجلاس میں ملک کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔وزارتِ صحت کے ایک سینئر افسر نے واضح کیا کہ،بھارت میں فی الحال ایبولا کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے اور ملک کے لیے اس کا موجودہ خطرہ انتہائی کم ہے۔ تاہم، احتیاطی تدابیر کے طور پر نگرانی کے نظام اور تیاریوں کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔
 
21 دنوں تک کڑی نگرانی کا مشورہ:
 
ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کوئی مسافر کسی متاثرہ مریض کے خون یا جسمانی رطوبتوں (Body Fluids) کے رابطے میں آیا ہے، تو اس پر خصوصی نظر رکھی جائے گی۔ حکومتِ ہند نے واضح کیا ہے کہ ایسے ممالک کا سفر کر کے بھارت آنے والے مسافر اگر 21 دنوں کے اندر بیمار پڑتے ہیں، تو وہ فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں اور اپنی سفری تاریخ (Travel History) لازمی شیئر کریں۔
 
ایئرپورٹ ہیلتھ آرگنائزیشن (APHO) اس پورے عمل کی نگرانی کر رہی ہے اور حکومت نے مسافروں سے ہیلتھ اسکریننگ کے عمل میں مکمل تعاون کی اپیل کی ہے۔