خراب موسم کی وجہ سے چھ دن تک بند رہنے والی سالانہ امرناتھ یاترا ہفتہ کے روز دوبارہ شروع ہو گئی۔ حکام کے مطابق جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے 6,269 یاتری سخت سیکیورٹی کے درمیان کشمیر کے لیے روانہ ہوئے۔ 19 جولائی کو شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور خراب موسم کے باعث یاترا عارضی طور پر روک دی گئی تھی۔ اس دوران امرناتھ غار تک جانے والے دونوں راستے متاثر ہوئے تھے، جن میں اننت ناگ کا 48 کلومیٹر طویل پہلگام راستہ اور گاندربل ضلع کا 14 کلومیٹر طویل بالتل راستہ شامل ہیں۔
حکام کے مطابق روانہ ہونے والے یاتریوں میں 1,470 خواتین، 25 بچے اور 54 سادھو شامل ہیں، جو 223 گاڑیوں کے قافلے میں بالتل بیس کیمپ کی طرف روانہ ہوئے۔ اس بار پہلگام راستے پر کوئی قافلہ نہیں بھیجا گیا۔ موسم بہتر ہونے کے بعد جموں-سری نگر قومی شاہراہ بھی دوبارہ کھول دی گئی، جو گزشتہ تین دن سے لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کی وجہ سے بند تھی۔
اس سال امرناتھ یاترا کا آغاز 2 جولائی کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کیا تھا، جبکہ یاترا 28 اگست کو رکشا بندھن کے دن اختتام پذیر ہوگی۔ اب تک تقریباً 4 لاکھ عقیدت مند امرناتھ غار میں درشن کر چکے ہیں، جن میں تقریباً 1.20 لاکھ یاتری وہ ہیں جنہوں نے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے اپنا سفر شروع کیا تھا۔
شری ماتا ویشنو دیوی بھی بحال
شری ماتا ویشنو دیوی کی سالانہ یاترا ہفتہ کو مسلسل سات دنوں تک معطل رہنے کے بعد دوبارہ شروع ہوئی، جس سے ان ہزاروں عقیدت مندوں کو راحت اور خوشی ملی جو کٹرا میں یاترا کے دوبارہ کھلنے کا انتظار کر رہے تھے۔
یاترا کے دوبارہ شروع ہونے پر عقیدت مندوں کی بڑی تعداد میں آمد دیکھنے میں آئی، 10,000 سے زیادہ عقیدت مند کاؤنٹر نمبر 2 پر جمع ہوئے تاکہ اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے اپنے لازمی RFID کارڈ حاصل کر سکیں۔ صبح سویرے ہی لمبی قطاریں دیکھی گئیں کیونکہ عقیدت مند اپنی باری کا صبر سے انتظار کر رہے تھے۔
بھاری رش کے باوجود، جموں و کشمیر پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (CRPF) کے اہلکاروں نے ہجوم کا انتظام کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ رجسٹریشن کا عمل اور یاتریوں کی نقل و حرکت ہموار اور منظم رہے۔کٹرہ میں دن بھر ہلکی بارش جاری رہی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بارش کے باوجود سیکورٹی اہلکار تعینات رہے، عقیدت مندوں کی مدد کرتے رہے اور امن و امان کو برقرار رکھتے ہوئے "جئے ماتا دی" کے نعرے پورے شہر میں گونج رہے تھے۔بے یقینی کے دنوں کے بعد آخرکار مقدس سفر کرنے کا موقع ملنے پر بہت سے زائرین نے خوشی کا اظہار کیا۔
شری ماتا ویشنو دیوی کا مندر ہندوستان کے سب سے زیادہ قابل احترام یاتری مقامات میں سے ایک ہے، جو ہر سال لاکھوں عقیدت مندوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ ایک ہفتے کی معطلی کے بعد یاترا کے دوبارہ شروع ہونے سے یاتریوں کی معمول کی نقل و حرکت بحال ہو گئی ہے، حکام آنے والے دنوں میں یاترا کے ہموار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔