• News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • ٹرمپ کے پروگرام سے قبل بڑا سیکیورٹی الرٹ، مشتبہ شخص گرفتار

ٹرمپ کے پروگرام سے قبل بڑا سیکیورٹی الرٹ، مشتبہ شخص گرفتار

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Aug 05, 2026 IST

ٹرمپ کے پروگرام سے قبل بڑا سیکیورٹی الرٹ، مشتبہ شخص گرفتار
امریکہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنوبی کیلیفورنیہ میں واقع گولف کورس کے قریب ایک 38 سالہ شخص کو اس وقت گرفتار کر لیا گیا جب وہ مبینہ طور پر اس علاقے کی نگرانی کر رہا تھا۔ پولیس کے مطابق اس کے پاس گولہ بارود اور اسلحہ بھی موجود تھا۔ لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف ڈیپارٹمنٹ نے ملزم کی شناخت جینین جان ٹیل کے نام سے کی ہے۔

گولف کورس کے قریب مشکوک سرگرمی

حکام کے مطابق ملزم کو رانچو پالوس ورڈیس میں واقع ٹرمپ نیشنل گولف کورس کے قریب تصاویر اور ویڈیوز بناتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب دو دن بعد صدر ٹرمپ اسی مقام پر ریپبلکن نیشنل کمیٹی کی فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کرنے والے تھے۔

گاڑی اور گھر سے اسلحہ برآمد

تفتیش کے دوران پولیس نے بتایا کہ ملزم کی جیب سے 16 گولیوں سے بھرا ہوا میگزین ملا، جبکہ اس کی گاڑی سے ایک بھاری ہینڈ گن بھی برآمد ہوئی۔
 ڈاونی میں واقع اس کے گھر کی تلاشی لی گئی، جہاں سے کئی آتشیں اسلحہ، گولہ بارود، اضافی میگزین، باڈی آرمر اور نوٹ بکس برآمد ہوئیں۔ حکام کے مطابق ان نوٹ بکس میں کچھ ایسے بیانات بھی ملے جنہیں انہوں نے تشویشناک قرار دیا۔

ملزم پر کون سے الزامات ہیں؟

پولیس نے ملزم پر کئی سنگین مقدمات درج کیے ہیں، جن میں: سیکنڈ ڈگری ڈکیتی،بڑی گنجائش والے میگزین رکھنے کا الزام،مختصر بیرل والی رائفل یا شاٹ گن رکھنے کا الزام،گاڑی میں چھپا کر اسلحہ لے جانے کا الزام ،پیر کے روز عدالت میں پیش ہونے پر ملزم نے تمام الزامات سے انکار کیا۔ عدالت نے اسے ہتھیار رکھنے سے روک دیا ہے اور ہدایت دیا ہے کہ وہ ٹرمپ کے گولف کورس کے قریب نہ جائے۔ اس کی ضمانت 2 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

پہلے بھی زیر تفتیش تھا

حکام نے بتایا کہ ملزم پہلے ہی ایل سیگنڈو پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک ڈکیتی کے مقدمے میں زیر تفتیش تھا۔ لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف ڈیپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ گرفتاری کے بعد عوام کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے۔

ٹرمپ کی سیکیورٹی پہلے ہی سخت ہے

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب صدر ٹرمپ کی سیکیورٹی پہلے سے انتہائی سخت ہے۔ حکام کے مطابق ٹرمپ 2024 کی صدارتی انتخابی مہم کے دوران دو قاتلانہ حملوں سے محفوظ رہے تھے، جبکہ 2025 میں ایک شخص کو فلوریڈا میں ٹرمپ کے گولف کورس پر انہیں قتل کرنے کی کوشش کا مجرم بھی قرار دیا گیا تھا۔

برازیل کے سفیر کا امریکی ویزا منسوخ

دوسری جانب ٹرمپ انتظامیہ نے امریکہ میں تعینات برازیل کے سفیر کا ویزا بھی منسوخ کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب برازیل نے دو امریکی سفارت کاروں کو ویزا دینے سے انکار کر دیا اور امریکہ کی جانب سے نامزد نئے سفیر کی منظوری میں بھی تاخیر کی۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن نے برازیل کو اپنا مؤقف تبدیل کرنے کے لیے کئی مواقع دیے تھے، لیکن ایسا نہ ہونے پر یہ قدم اٹھایا گیا -امریکہ نے یہ بھی کہا کہ اگر برازیل امریکی سفیرکومنظوری دے دے اور ضروری اصلاحی اقدامات کرے تو ویزا کی منسوخی کا فیصلہ واپس لیا جا سکتا ہے۔

برازیل کا سخت ردعمل

برازیل کی حکومت نے امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے سفارتی تقرریوں سے متعلق بین الاقوامی اصولوں پر عمل نہیں کیا۔ برازیل نے الزام لگایا کہ ویزا منسوخ کرنے کا فیصلہ سیاسی بنیادوں پر کیا گیا ہے اور اس کا مقصد اکتوبر میں ہونے والے برازیل کے انتخابات پر اثر انداز ہونا ہے۔