برکس وزرائے خارجہ کا اجلاس بھارت کی قومی دارالحکومت دہلی میں جمعرات سے شروع ہوا۔ اجلاس جمعرات اور جمعہ،دو روز تک جاری رہے گا۔ ہندوستانی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔ برکس کے رکن ممالک اور شراکت دار ممالک کے نمائندے اس کانفرنس میں شریک ہیں ۔اور عالمی اور علاقائی مسائل بالخصوص مغربی ایشیا میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ان اجلاس میں شرکت کرنے والے برکس وزرائے خارجہ نے وزیر اعظم مودی (پی ایم مودی) سے ملاقات کی۔ وہ ایک ایک کرکے آئے اور اسٹیج پر وزیراعظم سے مصافحہ کیا۔ اس کے بعد سب نے وزیر اعظم کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔
برکس ممالک کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس میں مغربی ایشیا میں بڑھتے ہوئے بحران اور عالمی توانائی کی فراہمی کے سلسلے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی اس تقریب میں شرکت کر رہے ہیں۔ 28 فروری کو ایران کے ساتھ امریکہ اسرائیل جنگ شروع ہونے کے بعد یہ ایران کا ہندوستان کا پہلا اعلیٰ سطحی دورہ ہے۔
برکس کی صدارت کے ساتھ، ہندوستان ستمبر میں ہونے والی سالانہ چوٹی کانفرنس سے قبل وزرائے خارجہ کی اس کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے۔برکس وزرائے خارجہ کے اجلاس سے پہلے، ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے دہلی میں کئی دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔ آج صبح انہوں نے چلی کے وزیر خارجہ فرانسسکو پیریز میک کینا سے ملاقات کی اور دو طرفہ بات چیت کی۔ بعد ازاں دوپہر میں انہوں نے جنوبی افریقہ کے وزیر خارجہ رونالڈ لامولا اور برازیل کے وزیر خارجہ مورو ویرا کے ساتھ بھی دو طرفہ بات چیت کی۔ جے شنکر آج شام روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے بھی ملاقات کریں گے۔
برکس دنیا کی بڑی ابھرتی ہوئی معیشتوں کا ایک بلاک ہے۔برکس اصل میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ پر مشتمل گروپ تھا۔ تاہم، اس میں 2024 میں مصر، ایتھوپیا، ایران اور متحدہ عرب امارات کو شامل کرتے ہوئے گروپ کی توسیع کی گئی۔ انڈونیشیا نے 2025 میں برکس میں شمولیت اختیار کی۔ یہ ایک بااثر بلاک کے طور پر ابھرا ہے، جس نے دنیا کی 11 بڑی ابھرتی ہوئی معیشتوں کو متحد کیا ہے۔
ادھر چینی وزیر خارجہ وانگ یی اس میٹنگ میں شرکت نہیں کریں گے، کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چین کا تین روزہ سرکاری دورہ برکس اجلاس کے دوران ہی جاری ہے، جس سے وانگ کی بیجنگ میں موجودگی ضروری ہے۔ چین نے اعلان کیا ہے کہ ہندوستان میں اس کے سفیر شی فیہونگ وزیر خارجہ وانگ کی جانب سے اجلاس میں شرکت کریں گے۔