Friday, September 11, 2026 | 27 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • برکس سربراہی اجلاس سے پہلے چدمبرم اور تھرور کے مختلف مؤقف

برکس سربراہی اجلاس سے پہلے چدمبرم اور تھرور کے مختلف مؤقف

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Sep 11, 2026 IST

 برکس سربراہی اجلاس سے پہلے چدمبرم اور تھرور کے مختلف مؤقف
کانگریس کے سینئر رہنما پی چدمبرم نے ایک دن پہلے برکس سربراہی اجلاس سے بھارت کو ہونے والے ٹھوس فوائد پر سوال اٹھائے تھے۔ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے برکس کی سفارتی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ ششی تھرور نے جمعہ کو کہا کہ برکس بھارت کی اس صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ مختلف ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرسکتا ہے۔ انہوں نے دہلی میں ہونے والے برکس سربراہی اجلاس کو ’گلوبل ساؤتھ‘ یعنی ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا۔
 
تھرور نے کہا کہ بھارت ’گلوبل ساؤتھ‘ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ اس گروپ میں 100 سے زیادہ ممالک شامل ہیں، جبکہ برکس میں بھارت کے ساتھ اس خطے کے 11 اہم ممالک بھی موجود ہیں۔ ان ممالک کے ذریعے مختلف خطوں اور خیالات کی نمائندگی ہوتی ہے۔ انہوں نے برکس کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ برکس کے 11 رکن ممالک دنیا کی آبادی کی اکثریت اور عالمی مجموعی پیداوار (GDP) کا تقریباً 41 فیصد حصہ رکھتے ہیں۔
 
تھرور نے کہا کہ 2026 کے برکس سربراہی اجلاس کی میزبانی بھارت کے لیے وقار کا معاملہ ہے اور دنیا کو اس اجلاس کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ ان کے مطابق اس اجلاس کی عالمی سطح پر بھی خاص اہمیت ہے۔ اس سے ایک دن پہلے پی چدمبرم نے برکس، شنگھائی تعاون تنظیم (SCO)، جی-20 اور کواڈ (QUAD) جیسے عالمی گروپوں میں بھارت کی شمولیت پر سوال اٹھایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ انہیں گزشتہ دو یا تین برکس سربراہی اجلاسوں سے بھارت کو کوئی نمایاں یا ٹھوس فائدہ حاصل ہوتا نظر نہیں آیا۔
 
چدمبرم کے اس بیان پر بی جے پی نے بھی تنقید کی۔ بی جے پی نے کہا کہ چدمبرم بھارت کی ترقی اور پیش رفت کو تسلیم نہیں کر پا رہے ہیں۔
 
 برکس 2026 کے سربراہی اجلاس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ بھارت 12 اور 13 ستمبر کو نئی دہلی میں اس اجلاس کی میزبانی کریں گا۔ اجلاس میں برکس کے 11 رکن ممالک اور 10 شراکت دار ممالک کے رہنماؤں کے علاوہ بعض بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔ بھارت نے یکم جنوری کو چوتھی بار برکس کی صدارت سنبھالی تھی۔ 2026 کے لیے بھارت نے برکس کی صدارت کا مرکزی موضوع ’لچک، جدت، تعاون اور پائیداری کے لیے تعمیر‘ رکھا ہے۔
 
اجلاس میں شرکت کے لیے روسی صدر ولادیمیر پوتن، چینی صدر شی جن پنگ، جنوبی افریقہ کے صدر سرل رامافوسا، ایرانی صدر مسعود پزشکیان سمیت کئی عالمی رہنما دہلی پہنچ رہے ہیں۔