• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • بانکی پور ضمنی انتخاب: ووٹنگ جاری، 3.80 لاکھ ووٹرز 26 امیدواروں کی قسمت کا کریں گے فیصلہ

بانکی پور ضمنی انتخاب: ووٹنگ جاری، 3.80 لاکھ ووٹرز 26 امیدواروں کی قسمت کا کریں گے فیصلہ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jul 30, 2026 IST

بانکی پور ضمنی انتخاب: ووٹنگ جاری، 3.80 لاکھ ووٹرز 26 امیدواروں کی قسمت کا کریں گے فیصلہ
بہارکے بانکی پور اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کے لیے آج صبح 7 بجے سے ووٹنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔ جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ اس اہم انتخاب میں تقریباً 3.80 لاکھ ووٹرز 26 امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کریں گے، جن میں جن سوراج پارٹی کے سربراہ پرشانت کشور بھی شامل ہیں۔ بانکی پور اسمبلی نشست بی جے پی کے قومی صدر نتن نبین کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی تھی، جس کے باعث یہاں ضمنی انتخاب کرایا جا رہا ہے۔ اس نشست پر بنیادی مقابلہ بی جے پی، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور جن سوراج پارٹی کے درمیان مانا جا رہا ہے۔
 
سیاسی مبصرین کے مطابق حالیہ دنوں نیٹ پیپر لیک معاملے، جنتر منتر پر طلبہ کے احتجاج اور سابق مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کے بعد ریاست کی سیاسی فضا میں تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ان واقعات کا اثر بانکی پور کے ضمنی انتخاب پر بھی پڑ سکتا ہے۔ بی جے پی اس نشست کو دوبارہ اپنے قبضے میں رکھنے کے لیے پوری قوت کے ساتھ انتخابی میدان میں ہے، جبکہ پرشانت کشور اپنی جماعت کے لیے اس انتخاب کو اہم سیاسی امتحان قرار دیتے ہوئے بھرپور مہم چلا رہے ہیں۔
 
پرشانت کشور کا بی جے پی پر سنگین الزام
 
ووٹنگ کے دوران جن سوراج پارٹی کے سربراہ اور بانکی پور سے امیدوار پرشانت کشور نے بی جے پی پر انتخابی عمل میں مداخلت کا الزام لگایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ضمنی انتخاب جیتنے کے لیے بی جے پی ہر ممکن غیر قانونی طریقہ اختیار کر رہی ہے۔پرشانت کشور نے کہا، ہمارے نمائندوں کو زبردستی حراست میں لیا جا رہا ہے۔ اگر کسی نے کوئی غیر قانونی کام کیا ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، لیکن صرف جن سوراج پارٹی کو نقصان پہنچانے کے مقصد سے ہمارے کارکنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔