دہلی پولیس نے جرائم کے خلاف ایک بڑی کاروائی کرتے ہوئے لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والے تین مبینہ شوٹروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے اتوار (12 جولائی) کو بتایا کہ یہ کاروائی روہنی ضلع کے اسپیشل اسٹاف نے خفیہ اطلاع ملنے کے بعد کی۔
پولیس کے مطابق انہیں اطلاع ملی تھی کہ لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ چند ملزمان دہلی میں موجود ہیں اور کسی بڑے جرم کو انجام دینے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اس اطلاع کے بعد پولیس نے نگرانی شروع کی، ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق تینوں ملزمان کسی سنگین واردات کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، لیکن اس سے پہلے ہی پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو بیرونِ ملک موجود گینگ کے لوگوں کی طرف سے ہدایات مل رہی تھیں، جنہوں نے یہ حملہ کرنے کی ہدایت دی ۔
حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے تینوں افراد دہلی میں پہلے سے کئی مجرمانہ مقدمات میں مطلوب تھے ،اور ان کے خلاف پہلے بھی منصوبہ بند فائرنگ کے مقدمات درج ہیں۔ اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ گینگ کے دوسرےملزمان اور منصوبوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔
امریکہ میں بھی کاروائی جاری
حال ہی میں امریکہ میں بھی لارنس بشنوئی گینگ کے خلاف کاروائی شروع کی گئی ہے۔ امریکی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی (FBI) 7 جولائی سے "آپریشن ہارڈ بال" کے نام سے ایک مہم چلا رہا ہے۔
اس آپریشن کے تحت لارنس بشنوئی گینگ کے نیٹ ورک اور اس کے قریبی ساتھیوں، گولڈی برار اور جگو بھگوان پوریا کے خلاف کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔ کئی ملزمان کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
ایف بی آئی نے گولڈی برار کی گرفتاری میں مدد دینے والی معلومات پر 50 ہزار امریکی ڈالر (تقریباً 43 لاکھ روپے) انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔
لارنس بشنوئی کون ہے؟
لارنس بشنوئی ایک بدنام گینگسٹر ہے، جس کے خلاف قتل، بھتہ خوری، اور دیگر سنگین جرائم کے درجنوں مقدمات درج ہیں۔ اسے پنجابی گلوکار اور کانگریس رہنما سدھو موسی والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈ بھی قرار دیا ۔
لارنس بشنوئی اس وقت جیل میں ہے، لیکن تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ وہ جیل سے ہی اپنے گینگ کی سرگرمیوں کو چلا رہا ہے۔ اس کے گینگ میں متعدد شوٹر شامل ہیں، جو مختلف ریاستوں میں مجرمانہ جرائم میں ملوث رہے ہیں۔