منصف ٹی وی کے خصوصی صحت پروگرام "ہیلتھ اور ہم" میں آج "Heart Failure" کے موضوع پر ایک نہایت معلوماتی اور عوامی آگاہی سے بھرپور نشست پیش کی گئی۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر مرزا محمد بیگ، کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ، کامی نینی ہاسپٹلس، کنگ کوٹھی، حیدرآباد نے ہارٹ فیلئر کی وجوہات، ابتدائی علامات، خطرے کے عوامل، جدید علاج اور احتیاطی تدابیر پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
ہارٹ فیلئر کا مطلب کا مطلب کیا ہے؟
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہارٹ فیلئر کا مطلب دل کا مکمل طور پر بند ہو جانا نہیں بلکہ دل کا جسم کی ضرورت کے مطابق مؤثر انداز میں خون پمپ نہ کر پانا ہے، جس کا بروقت علاج ممکن ہے۔
ہارٹ فیلئر تیزی سے بڑھتا ہوا طبی مسئلہ
ڈاکٹر مرزا محمد بیگ نے بتایا کہ ہارٹ فیلئر دنیا بھر میں تیزی سے بڑھتا ہوا طبی مسئلہ ہے، تاہم بروقت تشخیص اور مناسب علاج سے مریض ایک بہتر اور فعال زندگی گزار سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر لوگ سانس پھولنے یا معمولی تھکن کو بڑھتی عمر کا حصہ سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں، جبکہ یہی علامات بعض اوقات دل کی کمزوری کی ابتدائی نشانی ہو سکتی ہیں۔
ہارٹ فیلئر کی اہم وجوہات
انہوں نے بتایا کہ ہائی بلڈ پریشر، دل کی شریانوں میں رکاوٹ، ہارٹ اٹیک، ذیابیطس، دل کے والوز کی خرابیاں، موٹاپا، گردوں کی بعض بیماریاں اور طویل عرصے تک غیر متوازن طرزِ زندگی ہارٹ فیلئر کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔ اگر ان بیماریوں کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو دل کی کارکردگی بتدریج متاثر ہونے لگتی ہے۔
ہارٹ فیلئر کے اہم علامات
علامات کے حوالے سے ڈاکٹر نے کہا کہ سانس لینے میں دشواری، خاص طور پر سیڑھیاں چڑھتے وقت یا لیٹنے کی حالت میں سانس پھولنا، معمولی کام سے تھکن محسوس ہونا، ٹانگوں، ٹخنوں یا پیروں میں سوجن، رات کے وقت بار بار پیشاب آنا، دل کی دھڑکن کا تیز یا بے ترتیب ہونا اور اچانک وزن بڑھ جانا ایسی علامات ہیں جنہیں ہرگز نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
ہارٹ فیلئر کی تشخیص
تشخیص کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ مریض کی طبی تاریخ اور جسمانی معائنے کے ساتھ ای سی جی (ECG)، ایکو کارڈیوگرافی (Echocardiography)، خون کے مخصوص ٹیسٹ، سینے کا ایکسرے اور ضرورت کے مطابق دیگر جدید ٹیسٹ کیے جاتے ہیں تاکہ دل کی کارکردگی کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔
ہارٹ فیلئر کا علاج،ادویات،غذا، ورزش اور پرہیز
ڈاکٹر مرزا محمد بیگ نے کہا کہ ہارٹ فیلئر کا علاج صرف ادویات تک محدود نہیں۔ نمک کا کم استعمال، متوازن غذا، وزن کو قابو میں رکھنا، باقاعدہ ہلکی ورزش، سگریٹ نوشی سے مکمل پرہیز، بلڈ پریشر اور شوگر کو قابو میں رکھنا بھی علاج کا اہم حصہ ہیں۔ بعض مریضوں میں جدید ادویات، پیس میکر، آئی سی ڈی (ICD) یا دیگر جدید کارڈیالوجی طریقہ علاج بھی ضرورت کے مطابق اختیار کیے جاتے ہیں۔
دل کے مریضوں کیلئے مشورہ
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مریض کو اپنی ادویات باقاعدگی سے استعمال کرنی چاہئیں اور ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر علاج میں تبدیلی نہیں کرنی چاہیے۔ باقاعدہ فالو اپ اور طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلیاں بیماری کی شدت کم کرنے اور اسپتال میں بار بار داخل ہونے کے امکانات کو کم کرتی ہیں۔
دل کی صحت کو بہتر بنانے کیلئے کیا کرنا چاہئے
پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر مرزا محمد بیگ نے ناظرین کو پیغام دیا کہ ہارٹ فیلئر کو مایوسی کی بیماری سمجھنے کے بجائے اسے ایک قابلِ انتظام طبی کیفیت کے طور پر دیکھیں۔ بروقت تشخیص، جدید علاج، متوازن غذا، روزانہ جسمانی سرگرمی اور باقاعدہ طبی معائنہ دل کی صحت کو بہتر رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر سانس پھولنے، مسلسل تھکن یا جسم میں سوجن جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر ماہر امراضِ قلب سے رجوع کریں، کیونکہ بروقت اقدام ہی دل کو مزید نقصان سے بچا سکتا ہے۔
قارئین آپ ڈاکٹر مرزا محمد بیگ کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ، کامی نینی ہاسپٹلس کی مکمل گفتگو یہاں👇دیکھ سکتےہیں۔ اور صحت سے جڑے کسی بھی معاملے پر دیگر ویڈیوز منصف ٹی وی ہیلتھ پر بھی دیکھ سکتےہیں۔