Sunday, April 26, 2026 | 08 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • تلنگانہ میں مردم شماری 2027 کے لیے خود اندراج (سیلف اینیومریشن )کا آغاز

تلنگانہ میں مردم شماری 2027 کے لیے خود اندراج (سیلف اینیومریشن )کا آغاز

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Apr 26, 2026 IST

تلنگانہ میں مردم شماری 2027 کے لیے خود اندراج (سیلف اینیومریشن  )کا آغاز
تلنگانہ میں مردم شماری 2027 کے لیے خود اندراج  کا مرحلہ اتوار  سے   شروع ہوا۔تلنگانہ کے گورنر شیو پرتاپ شکلا نے یہاں لوک بھون میں آن لائن خود  مردم شماری کی سہولت کے ذریعے اندراج کرتے ہوئے ریاست میں مردم شماری – 2027 کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

خود شماری کی سہولت

مردم شماری 2027 میں شہریوں کی سہولت کے لیے کی گئی ایک بڑی اختراع "خود شماری" کی سہولت کا تعارف ہے، جس کی نمایاں خصوصیات درج ذیل ہیں:
یہ سہولت ایک خصوصی آن لائن پورٹلhttps://se.census.gov.in/ کے ذریعے دستیاب ہوگی۔
 
یہ پورٹل 16 زبانوں (آسامی، بنگالی، انگریزی، گجراتی، ہندی، کنڑ، کونکنی، ملیالم، منی پوری، مراٹھی، نیپالی، اوڈیا، پنجابی، تامل، تیلگو اور اردو) میں دستیاب ہوگا۔
جواب دہندگان اپنی معلومات آزادانہ طور پر بھر سکتے ہیں، جس کے بعد ایک منفرد سیلف اینیومریشن (ایس ای) آئی ڈی تیار کی جائے گی۔

سیلف اینیومریشن پورٹل

گھر گھر گنتی  (فیلڈ وزٹ) سے پہلے 15 دن کی اختیاری "خود شماری" کی مدت دی جائے گی۔ خود شماری پورٹل ایک محفوظ ویب پر مبنی سہولت ہے، جو خاندان کے اہل جواب دہندگان کو فیلڈ آپریشن شروع ہونے سے پہلے اپنی خاندانی معلومات آن لائن جمع کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اعداد و شمار کامیابی سے جمع کرانے پر ایک منفرد سیلف اینیومریشن آئیڈینٹیفیکیشن نمبر (ایس ای آئی ڈی) تیار کیا جائے گا۔ اس ایس ای آئی ڈی کو گنتی کرنے والے کے ساتھ شیئر کرنا ہوگا، جس کی بنیاد پر گنتی کرنے والا معلومات کی تصدیق کر سکے گا۔

گھر بیٹھے آن لائن مردم شماری 

عام طور پر مردم شماری کا عملہ ہر گھر جا کر تفصیلات جمع کرتا ہے، تاہم اس بار ٹیکنالوجی کو شامل کرتے ہوئے حکومت نے عوام کو یہ سہولت دی ہے کہ وہ خود آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی خاندانی معلومات درج کر سکیں۔ اسی عمل کو ’سیلف اینیومریشن‘ کہا جاتا ہے۔ ڈائریکٹر نے بتایا کہ لوگ ملک میں کہیں سے بھی آن لائن اپنی معلومات درج کرا سکتے ہیں، تاہم یہ ہر کسی کے لیے لازمی نہیں بلکہ صرف ایک اختیاری سہولت ہے۔

33 سوالات ہوں گے شامل 

مردم شماری میں مجموعی طور پر33 سوالات شامل ہوں گے، جبکہ آن لائن سیلف اینیومریشن کرنے والوں کو صرف 27 سوالات کے جواب دینا ہوگا۔ باقی 6 سوالات سے متعلق معلومات دوسرے مرحلے میں اس وقت لی جائیں گی جب مردم شماری کا عملہ گھر پہنچے گا۔

 

مردم شماری کا عملہ گھر  بھی پہنچے گا

سیلف اینیومریشن مکمل کرنے والوں کو ایک ریفرنس نمبر دیا جائے گا، جسے بعد میں اینیومریٹر کے آنے پر دکھانا ہوگا۔ ڈائریکٹر کے مطابق چاہے کوئی خاندان آن لائن اندراج کرے یا نہ کرے، دوسرے مرحلے میں مردم شماری کا عملہ ہر گھر ضرور پہنچے گا۔ آن لائن اندراج نہ کرنے والوں سے مکمل معلومات موقع پر ہی حاصل کی جائیں گی۔
10 مئی تک دستیاب اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی درست تفصیلات فراہم کریں تاکہ مردم شماری کا عمل کامیابی سے مکمل ہو سکے۔

 تشکیل تلنگانہ کےبعد پہلی مردم شماری 

جیسا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد یہ پہلی مردم شماری ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ریاست کی مستقبل کی ترقی اور پیشرفت کے لیے اہمیت رکھتی ہے، جس سے درست ڈیٹا اکٹھا کرنا ضروری ہے۔

26 اپریل سے 10 مئی مردم شماری 

گورنر نے کہا کہ تلنگانہ میں خود گنتی کا مرحلہ 26 اپریل سے 10 مئی تک چلایا جائے گا۔

11 مئی سے گھروں کی لسٹ تیار ہوگی 

اس کے بعد 11 مئی سے 9 جون تک گھروں کی فہرست سازی کی کارروائیاں ہوں گی۔ یہ ہندوستان کی پہلی مکمل ڈیجیٹل مردم شماری ہوگی۔

ملک کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری 

خود گنتی( مردم شماری) کی سہولت گھرانوں کو ایک سادہ، آسان اور صارف دوست عمل کے ذریعے اپنی تفصیلات کو ڈیجیٹل طور پر رجسٹر کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ درستگی، شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے گھروں کی فہرست بندی بھی ڈیجیٹل طور پر کی جائے گی۔

 تلنگانہ گورنر کا بیان 

اس موقع پر تلنگانہ کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ مردم شماری ایک اہم قومی مشق ہے جو آبادی اور ان کے سماجی و اقتصادی حالات کی ایک جامع تصویر فراہم کرتی ہے، لوک بھون سے جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا گیا ہے۔ تلنگانہ گورنر  نے کہا کہ یہ منصوبہ بندی، گڈ گورننس اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کی بنیاد بناتا ہے، اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ترقی کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچیں۔انہوں نے کہا کہ مردم شماری تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، روزگار، ہاؤسنگ اور انفراسٹرکچر سے متعلق پالیسیاں بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
درست ڈیٹا حکومت کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ ٹارگٹڈ فلاحی پروگراموں کو ڈیزائن کر سکے اور قومی پیش رفت کا مؤثر انداز میں جائزہ لے سکے۔

گورنر نے درج کروایا اپنا نام

گورنر نے کہا، "میں نے ذاتی طور پر آج خود گنتی (مردم شماری )کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ یہ آسان اور موثر ہے۔ میں تلنگانہ کے تمام باشندوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اس اہم مشق میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور درست اور واضح معلومات فراہم کرتے ہوئے مردم شماری کے اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں،" گورنر نے کہا۔

 مردم شماری میں حصہ لینےعوام سےاپیل 

انہوں نے زور دے کر کہا کہ عوامی شرکت ایک مضبوط، جامع اور اچھی طرح سے منصوبہ بند تلنگانہ اور ہندوستان کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گی۔ریلیز میں مزید کہا گیا کہ مردم شماری کے ڈائریکٹر بھارتی ہولیکری، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کمشنر آر وی کرنان، گورنر کے جوائنٹ سکریٹری کے ششی کرن چاری اور دیگر موجود تھے۔

 ریونت ریڈی اور وزرا نے مردم شماری میں لیا حصہ 

تلنگانہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی  نے مردم شماری میں حصہ لیا ۔تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے  ریونت ریڈی نے مردم شماری 2027 کے ایک حصے کے طور پر خود گنتی کے عمل میں حصہ لیا، اپنی تفصیلات کا آن لائن اندراج کیا کیونکہ یہ پہل آج ریاست بھر میں باضابطہ طور پر شروع ہوا۔انہوں نے سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے اس عمل کو مکمل کیا اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی معلومات خود گنتی کے ذریعے جمع کر کے اس اہم مشق میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔مردم شماری کے حکام نے وزیر اعلیٰ کو خود شماری مہم کے رول آؤٹ اور اس پر عمل درآمد کے بارے میں بریفنگ دی جو کہ مردم شماری کے عمل میں ایک اہم قدم ہے۔