خواتین ریزرویشن بل، جو کچھ عرصے سے زیر التوا ہے،اب حد بندی بل کے ساتھ ایوان میں دوبارہ پیش کیا جارہا ہے۔ مرکز ان دونوں بلوں کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ اس کے لیے اس مانسون اجلاس میں ہی ایک خصوصی اجلاس منعقد کئے جانے کا امکان ہے۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق مرکز تین دنوں کے لیے خصوصی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان تین دنوں کے دوران حد بندی بل اور خواتین ریزرویشن بل پر پارلیمنٹ میں بحث کی جائے گی۔ پارلیمنٹ کا موجودہ مانسون اجلاس اس ماہ کی 13 تاریخ کو ختم ہوگا۔
تین روزہ خصوصی اجلاس طلب کرنے تجویز
مرکزی حکومت حد بندی اور خواتین ریزرویشن ترمیمی بل کے حوالے سے تین روزہ خصوصی اجلاس کی تجویز پیش کی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے ممکنہ طور پر کانگریس کو مطلع کیا ہے کہ وہ 17، 18 اور 19 تاریخ کو خصوصی پارلیمانی اجلاس بلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
کانگریس نے کہا ہے کہ وہ پارٹی کے اندر اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد اپنے فیصلے سے آگاہ کرے گی۔
بجٹ سیشن میں بل ہوا تھا ناکام
مجوزہ بل اس سے قبل اپریل میں بجٹ سیشن کے دوران لوک سبھا سے پاس ہونے میں ناکام رہا تھا کیونکہ حکومت آئینی ترمیم کے لیے مطلوبہ دو تہائی اکثریت حاصل نہیں کر سکی تھی ۔اپریل کی ووٹنگ کے دوران، 528 ایم پیز موجود تھے، جس سے دو تہائی اکثریت 352 تھی۔ حکومت نے بل کی مخالفت میں 230 کے مقابلے میں 298 ووٹ حاصل کیے، جس کے نتیجے میں اسے 54 ووٹوں کے فرق سے شکست ہوئی۔ حکومت نے اب اس فرق کو کافی حد تک کم کر دیا ہے۔ترنمول کانگریس اور ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا سے انحراف کی بدولت حکومت متنازعہ بل کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے کیونکہ اس کا خیال ہے کہ اس کے پاس نمبر ہیں ۔این ڈی اے راجیہ سبھا میں دو تہائی اکثریت کے قریب ہے۔
مانسون اجلاس میں تعطل
پارلیمنٹ کے جاری مانسون سیشن میں 20 جولائی کو سی جے پی کے مظاہرین کے خلاف 'پولیس کاروائی'، ایودھیا رام مندر کے عطیات میں مبینہ غبن کے معاملے اور دیگر مسائل پر ایوان کی کاروائی کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی موجودگی کے مطالبات کے درمیان مسلسل التوا کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔
تعطل کو ختم کرنے حکومت کی کوشش
رجیجو نے ایل او پی راہل سے ملاقات کی۔ انھوں نے پارلیمنٹ میں موجودہ تعطل پر بھی بات کی۔ راہل نے کرن رجیجو کو سمجھایا کہ وہ امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ نہیں کر رہے ہیں، بلکہ طلبہ پر حملے پر صرف ایک بیان مانگ رہے ہیں۔ بی جے پی دیگر جماعتوں کے لیڈروں سے ملاقات کر کے بل کی حمایت کرنے کو کہہ رہی ہے۔ گزشتہ 10 دنوں میں گاندھی سے رجیجو کی یہ دوسری ملاقات تھی۔ گاندھی سے ملاقات کے بعد رجیجو نے وزیر داخلہ امت شاہ سے بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
اپوزیشن پارٹیوں سےحکومت کا رابطہ
ذرائع نے بتایا کہ رجیجو تعطل کو توڑنے کی کوشش میں سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطہ کریں گے۔ مانسون اجلاس 20 جولائی کو شروع ہونے کے بعد سے لوک سبھا اپنا وقفہ سوالات مکمل نہیں کر پائی ہے۔ پانچ بل بغیر بحث کے منظور کر لیے گئے۔
مانسون اجلاس میں ہنگامہ جاری
اسپیکر اوم برلا نے اپوزیشن ارکان سے کہا کہ نعرہ بازی خواہ ایوان کے اندر ہو یا باہر جمہوریت کے لیے اچھا نہیں ہے۔برلا نے کہا کہ بہت سے ممبران نے ان سے یہ کہتے ہوئے رابطہ کیا ہے کہ اہم سوالات درج ہیں لیکن جاری مانسون سیشن میں اپوزیشن کی طرف سے پیدا کردہ خلل کی وجہ سے ایوان وقفہ سوالات کو شروع کرنے کے قابل نہیں ہے۔