Thursday, April 23, 2026 | 05 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • دہلی کرائم برانچ نے قتل کیس کے ملزم کو40 سال بعد کیا گرفتار

دہلی کرائم برانچ نے قتل کیس کے ملزم کو40 سال بعد کیا گرفتار

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Apr 23, 2026 IST

دہلی کرائم برانچ نے قتل کیس کے ملزم کو40 سال بعد کیا گرفتار
 دہلی کرائم برانچ کے سینٹرل رینج نےایک بڑی پیش رفت میں تقریباً 40 سال پرانے قتل کے مقدمے میں مفرور ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے ساتھ ہی 1986 سے زیر التوا کیس کو منطقی انجام تک پہنچا دیا گیا۔گرفتار ملزم کی شناخت چندر شیکھر پرساد کے طور پر ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر مشرقی دہلی کے علاقے شکرپور میں اپنی بیوی کے قتل کے بعد تقریباً چار دہائیوں سے فرار تھا۔
 
سرکاری پریس ریلیز کے مطابق اس کارروائی کو "40 سال بعد انصاف" قرار دیا گیا ہے، جس میں پولیس ٹیم کی مسلسل کوششوں اور غیر معمولی تفتیشی مہارت کو سراہا گیا۔ یہ مقدمہ ایف آئی آر نمبر 375/1986 کے تحت دفعہ 302/34 آئی پی سی میں تھانہ شکرپور میں درج کیا گیا تھا۔
 
پولیس کے مطابق 19 اکتوبر 1986 کو ملزم نے اپنی بیوی کو مبینہ طور پر اینٹوں سے سر کچل کر قتل کیا، جس کی وجہ اس کا بیوی پر ناجائز تعلقات کا شبہ تھا۔ واردات کے دوران ملزم اور اس کے ساتھیوں نے ایک گھریلو ملازمہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بھی بنایا۔ واردات کے بعد ملزم اپنے ساتھیوں سمیت فرار ہو گیا اور 1987 میں اسے اشتہاری مجرم قرار دے دیا گیا، تاہم کئی دہائیوں تک کیس میں کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔
 
تحقیقات میں سب سے بڑی رکاوٹ کیس کی قدامت تھی۔ پولیس کے مطابق نہ تو ڈیجیٹل ریکارڈ موجود تھا اور نہ ہی تصاویر یا جدید شناختی ذرائع، جس کے باعث ملزم تک پہنچنا انتہائی مشکل تھا۔
 
انسپکٹر سنیل کمار کلکھانڈے کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم اے سی پی ستیندر موہن کی نگرانی میں تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے دہلی اور بہار میں ملزم کے خاندانی روابط کا سراغ لگایا اور مشکوک موبائل نمبرز کو نگرانی میں رکھا۔ بہار کے ضلع نالندہ میں فیلڈ ویری فکیشن کے دوران تصدیق ہوئی کہ ملزم زندہ ہے اور خاندانی تقریبات میں کبھی کبھار آتا جاتا ہے۔
 
تکنیکی معلومات اور انسانی ذرائع کی مدد سے پولیس نے ملزم کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر اسے شمال مغربی دہلی تک ٹریس کیا۔ 22 اپریل 2026 کو ایک جال بچھا کر اسے نانگلی پونا، علی پور کے ایک فیکٹری اسٹور روم سے گرفتار کیا گیا، جہاں وہ جعلی شناخت کے ساتھ چھپا ہوا تھا۔دورانِ تفتیش ملزم نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے گھریلو تنازعات اور شک کی بنیاد پر اپنی بیوی کو قتل کیا۔
 
پولیس کے مطابق ملزم گزشتہ کئی دہائیوں سے بہار، پنجاب، ہریانہ اور دہلی میں مسلسل جگہ بدل کر گرفتاری سے بچتا رہا، کبھی رکشہ چلاتا رہا اور کبھی ایک آشرم میں پناہ لیتا رہا۔کرائم برانچ نے کہا کہ "ہماری ٹیمیں مجرموں کو گرفتار کرنے اور متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے پرعزم ہیں، چاہے اس میں کتنا ہی وقت کیوں نہ لگے۔"