منصف ٹی وی کے مقبول پروگرام "ہیلتھ اور ہم" میں آج ایک اہم طبی موضوع "برین ٹیومر:علامات، تشخیص اور ایڈوانسڈ علاج کے آپشنز"
(Brain Tumor: Symptoms, Diagnosis & Advanced Treatment Options)
پر خصوصی گفتگو کی گئی، جس میں معروف ماہر ڈاکٹر نوین مہروترا نے برین ٹیومر سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
پروگرام کے دوران ڈاکٹر نوین مہروترا نے بتایا کہ برین ٹیومر دماغ میں خلیوں کی غیر معمولی نشوونما کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے۔ یہ ٹیومر کینسر زدہ بھی ہو سکتا ہے اور غیر کینسر زدہ بھی، تاہم دونوں صورتوں میں بروقت تشخیص اور مناسب علاج انتہائی اہم ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برین ٹیومر کی علامات ہر مریض میں مختلف ہو سکتی ہیں اور ان کا انحصار ٹیومر کے مقام، سائز اور بڑھنے کی رفتار پر ہوتا ہے۔ عام علامات میں مسلسل یا شدید سر درد، متلی، نظر کی کمزوری، یادداشت میں تبدیلی، بولنے میں دشواری، جسم کے کسی حصے میں کمزوری یا سن ہونا، دورے پڑنا اور رویے میں تبدیلی شامل ہو سکتی ہیں۔
ڈاکٹر مہروترا نے تشخیص کے طریقوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ جدید میڈیکل سائنس میں ایم آر آئی اسکین، سی ٹی اسکین، نیورولوجیکل ٹیسٹ اور بایوپسی کے ذریعے برین ٹیومر کی درست شناخت کی جاتی ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ اگر ایسی علامات مسلسل نظر آئیں تو انہیں نظر انداز نہیں کرنا چاہئے اور فوری طور پر ماہر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے۔
جدید علاج کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج برین ٹیومر کے علاج کے لئے جدید سرجیکل تکنیک، ریڈی ایشن تھراپی، کیموتھراپی اور جدید ٹارگٹڈ علاج کے طریقے موجود ہیں۔ نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے پیچیدہ آپریشنز بھی زیادہ محفوظ انداز میں کئے جا رہے ہیں، جس سے مریضوں کے نتائج بہتر ہوئے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ برین ٹیومر کے علاج میں ابتدائی مرحلے میں تشخیص کا کردار بہت اہم ہے۔ صحت مند طرز زندگی، باقاعدہ طبی معائنہ اور جسم میں ہونے والی غیر معمولی تبدیلیوں پر توجہ دے کر کئی پیچیدگیوں سے بچا جا سکتا ہے۔
قارئین آپ ڈاکٹر نوین مہروتراکی مکمل بات چیت اس ویڈیو میں دیکھ سکتےہیں۔