Saturday, June 13, 2026 | 26 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • !گردے کی پتھری( کڈنی اسٹون)اور گردےکی پیوندکاری (کڈنی ٹرانسپلانٹ) پراہم معلومات

!گردے کی پتھری( کڈنی اسٹون)اور گردےکی پیوندکاری (کڈنی ٹرانسپلانٹ) پراہم معلومات

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 13, 2026 IST

!گردے کی پتھری( کڈنی اسٹون)اور گردےکی پیوندکاری (کڈنی ٹرانسپلانٹ) پراہم معلومات
منصف ٹی وی کی جانب سے نشر کیے جانے والے خصوصی پروگرام ’ہیلتھ اور ہم‘ میں آج
Kidney Stones and Kidney Transplant یعنی گردے کی پتھری اور گردے کی پیوند کاری (کڈنی ٹرانسپلانٹ) کے موضوع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پروگرام میں معروف ماہر امراض گردہ ڈاکٹر اسونی پانی گراہی سینئر کنسلٹنٹ نیفرولوجسٹ، اپولو اسپتال، جوبلی ہلز، حیدرآباد نے شرکت کی اور ناظرین کو گردوں کی صحت سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں۔
 
ڈاکٹر اسونی نے بتایا کہ گردے انسانی جسم کا ایک اہم عضو ہیں، جو خون کو صاف کرنے، فاضل مادوں کو جسم سے خارج کرنے اور جسم میں پانی و نمکیات کا توازن برقرار رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں طرز زندگی، پانی کی کمی اور غذائی عادات کی وجہ سے گردے کی پتھری کے مسائل میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
 
گردے کی پتھری کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ یہ اس وقت بنتی ہے جب پیشاب میں موجود معدنیات اور نمکیات جمع ہو کر سخت ذرات کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ اس کی عام علامات میں کمر یا پہلو میں شدید درد، پیشاب کے دوران تکلیف، پیشاب میں خون آنا، متلی اور بعض اوقات بخار شامل ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ مناسب مقدار میں پانی پینا، متوازن غذا اختیار کرنا اور وقتاً فوقتاً طبی معائنہ کرانا پتھری سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
 
پروگرام کے دوران کڈنی ٹرانسپلانٹ کے موضوع پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ڈاکٹر اشونی نے کہا کہ جب گردے اپنی کارکردگی کھو دیتے ہیں اور مریض کو آخری مرحلے کے گردوں کے مرض کا سامنا ہوتا ہے تو کڈنی ٹرانسپلانٹ ایک مؤثر علاج ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانسپلانٹ کے بعد بھی مریض کو باقاعدگی سے دوائیں لینا، ڈاکٹر سے رابطے میں رہنا اور صحت مند طرز زندگی اپنانا ضروری ہوتا ہے۔
 
انہوں نے گردوں کے امراض کی ابتدائی تشخیص کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلڈ پریشر، شوگر اور گردوں کے ٹیسٹ کی باقاعدہ جانچ سے کئی مسائل کو وقت پر روکا جا سکتا ہے۔
 
’ہیلتھ اور ہم‘ جیسے پروگراموں کا مقصد عوام میں صحت سے متعلق شعور بیدار کرنا اور ماہرین کے ذریعے درست طبی معلومات عام کرنا ہے، تاکہ لوگ بیماریوں کی علامات کو سمجھ سکیں اور بروقت علاج حاصل کر سکیں۔
قارئین آپ ماہرامراض گردہ ڈاکٹراسونی کی مکمل گفتگو پر مشتمل ویڈیو یہاں دیکھ سکتےہیں۔