Saturday, August 02, 2025 | 08, 1447 صفر
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • عظیم ترحیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی11روزہ خصوصی مانسون صفائی مہم۔ مجلس لیڈروں کےساتھ کمشنرنے کیا چارمینارکا دورہ۔

عظیم ترحیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی11روزہ خصوصی مانسون صفائی مہم۔ مجلس لیڈروں کےساتھ کمشنرنے کیا چارمینارکا دورہ۔

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jul 30, 2025 IST     

image
جی ایچ ایم سی کمشنر آروی کرنان نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے لوگوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے مقصد سے ایک خصوصی مانسون صفائی مہم شروع کی گئی ہے۔ کمشنر نے چارمینار اور ایل بی نگر زون کے مختلف علاقوں میں صفائی کو بہتر بنانے کے لیے منگل سے شروع کی گئی خصوصی صفائی مہم کا فیلڈ معائنہ کیا۔
 
اسی دوران صفائی ملازمین نے سڑکوں، کالونیوں اور عوامی مقامات پر جمع کوڑا کرکٹ کو ہٹا دیا۔ یہ  صفائی مہم اگلے ماہ کی 8 تاریخ  یعنی اگست 8 تک جاری رہے گی۔ جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنان نے عہدیداروں کو جاری مانسون صفائی مہم کو جنگی بنیادوں پر چلانے کی ہدایت دی ہے۔
 
 عظیم تربلدیہ حیدرآباد (جی ایچ ایم سی) کے کمشنر نے معائنہ کے دوران، بنیادی سامان کی دستیابی، صفائی مہم کی صورتحال اور زونز میں ہیریٹیج کی ترقی کے اقدامات کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ نالوں  کی صفائی اور پانی کو کھڑا ہونے سے روکنے کے لیے اقدامات کیے گئے۔ اینٹامولوجی کے حکام نے مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لیے فوگنگ اور اینٹی لاروا پروگرام شروع کیے ہیں۔ کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ کچرا سڑکوں پر پھینکنے کی بجائے کوڑے دان میں پھینکیں۔
 
مقامی عوامی نمائندوں اور کالونی ویلفیئر ایسوسی ایشنز کے ممبران نے بھی اس مہم میں حصہ لیا اور انہیں مشورہ دیا گیا کہ وہ اپنی ذمہ داری سے اپنا حصہ ڈال کر کالونی کی صفائی میں اپنا حصہ ڈالیں۔مہم کے ایک حصے کے طور پر، صفائی کارکن روزانہ صبح 5.30 بجے سے دوپہر 1.30 بجے تک کام کریں گے۔ تعمیراتی اور انہدامی  کاروائی کے ملبے سمیت کچرے کی فوری صفائی کو یقینی بنانے کے لیے گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں۔ کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں پر کچرا نہیں  پھینکیں۔ یہ صفائی مہم گیارہ دنوں تک چلے گی ۔
 
قبل ازیں کمشنر نےمجلس کے لیڈر اور چارمینار ایم ایل ایے  میر ذوالفقارعلی اور  ایم آئی ایم، ایم ایل سی مرزا رحمت بیگ کے ساتھ چارمینار کے قریب سردار محل اور پرانے بس اسٹینڈ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے عوامی نمائندوں اور عہدیداروں سے انفراسٹرکچر، خصوصی مانسون مہم اور ہیریٹیج ڈھانچوں کی ترقی کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ خصوصی مہم اگلے ماہ کی 8 تاریخ تک جاری رہے گی۔ اس موقع پر زونل کمشنر وینکنا اور ہیمنت کیشو پاٹل کمشنر آر وی کرنان کے ساتھ ،  مقامی کارپوریٹرز سہیل قادری، مظفر اور دیگر موجود تھے۔