امپورٹ ڈیوٹی میں اضافہ،سونے اور چاندی کی قیمتوں میں تیزی اچھال
10 گرام سونے کی قیمت 1.64 لاکھ روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
حکومت کا کہنا تھا کہ ٹیرف میں اضافہ زرمبادلہ بچانے کے لیے کیا گیا
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں قدرے اضافہ ہوا ہے
مرکزی حکومت کی جانب سے سونے اور چاندی پر درآمدی ڈیوٹی میں دوگنا سے زیادہ اضافہ کیے جانے کے بعد آج بُلین مارکیٹ میں قیمتیں اچانک آسمان کو چھونے لگیں۔ ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) میں سونا اور چاندی تقریباً 8 فیصد تک مہنگے ہو گئے اور نئی ریکارڈ سطحوں پر پہنچ گئے۔ اس فیصلے کے بعد ملکی بازار میں ہلچل مچ گئی ہے۔
سونے کی قیمت 1لاکھ 64 ہزار497 روپئے فی تولہ
ایم سی ایکس میں 5 جون فیوچرز گولڈ کی قیمت آج کے کاروبار کے دوران 7.20 فیصد یعنی 11,055 روپے بڑھ کر ایک وقت میں 10 گرام سونے کی قیمت 1,64,497 روپے کی انٹرا ڈے بلند ترین سطح تک پہنچ گئی۔ صبح 9:50 بجے یہ تاریخی سطح دیکھی گئی۔ اس سے قبل سونا 1,54,851 روپے پر کھلا تھا، لیکن درآمدی ڈیوٹی میں اضافے کی خبر کے بعد قیمتیں تیزی سے اوپر چلی گئیں۔ فی الحال سونا تقریباً 6 فیصد اضافے کے ساتھ 1,62,728 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
چاندی بھی سونے کے نقش قدم پر
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی زبردست اضافہ دیکھا گیا۔ 3 جولائی فیوچرز سلور کی قیمت 8 فیصد یعنی 22,367 روپے بڑھ کر فی کلو چاندی 3,01,429 روپے کی آل ٹائم ہائی سطح پر پہنچ گئی۔ اس وقت چاندی 6.66 فیصد اضافے کے ساتھ 2,97,655 روپے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
درآمدی ڈیوٹی میں اضافہ کیوں؟
مرکزی حکومت نے سونے اور چاندی پر درآمدی ڈیوٹی (سیس سمیت) کو 6 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کر دیا ہے۔ اسی طرح پلاٹینم پر درآمدی ڈیوٹی 6.4 فیصد سے بڑھا کر 15.4 فیصد کر دی گئی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق یہ اقدام بڑھتے ہوئے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے (CAD) کو قابو میں رکھنے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو محفوظ رکھنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری درآمدات کو کم کرکے ضروری اشیا کو ترجیح دینا حکومت کی حکمت عملی کا حصہ بتایا جا رہا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں محدود اضافہ
دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ نسبتاً محدود رہا۔ کامیکس مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 0.52 فیصد بڑھ کر 4,710 ڈالر جبکہ چاندی کی قیمت 2.28 فیصد اضافے کے ساتھ 87.54 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
سونے چاندی کی درآمد میں نیا ریکارڈ
ہندوستان نے 2025-26 کے سیزن میں سونے کی درآمد میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ درآمدات میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق تقریباً 72 ارب ڈالر کی تجارت ہوئی ہے۔
سونا استعمال کرنے میں بھارت کا دوسرا نمبر
دنیا بھر میں سب سے زیادہ سونا استعمال کرنے والے ممالک میں ہندوستان دوسرے نمبر پر ہے۔ چین پہلے نمبر پر ہے۔ تاہم، ہندوستان میں زیورات کی صنعت کا ایک بڑا حصہ سونا درآمد کرتا ہے۔ چیف اکنامک ایڈوائزر وی اننت ناگیشورن نے کہا کہ اگر سونے کی خریداری اسی طرح کی جاتی ہے تو مہنگائی کے حالات پیدا ہونے کا امکان ہے۔
سونا ایک سال تک نہیں خریدنے پی ایم کی اپیل
وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز لوگوں پر زور دیا کہ وہ ایک سال تک سونے کی خریداری سے گریز کریں تاکہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو محفوظ بنایا جا سکے۔ ہندوستان اپنی سونے کی تقریباً تمام کھپت درآمدات کے ذریعے پورا کرتا ہے۔سونے کی مانگ، خاص طور پر سرمایہ کاری کے مقاصد کے لیے، ہندوستان میں قیمتوں میں حالیہ ریلی اور پچھلے سال کے دوران ایکوئٹی سے منفی منافع کے درمیان بڑھی ہے۔ورلڈ گولڈ کونسل نے گزشتہ ماہ کہا کہ ہندوستان کے گولڈ ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ETFs) میں مارچ کی سہ ماہی میں سال بہ سال 186 فیصد اضافہ ریکارڈ 20 میٹرک ٹن تک پہنچ گیا۔