بھارت میں 7 جون کو بقرعید کا تہوار منایا جائے گا جس کے لیے تقریباً تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔تاہم دہلی حکومت نے بقرعید کے موقع پر گائے، اونٹ اور دیگر ممنوعہ جانوروں کی قربانی کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ جس میں ممنوعہ جانوروں کی قربانی پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ جانوروں کی قربانی کرتے وقت صفائی کا خیال رکھیں اور مخصوص جگہوں پر ہی قربانی کریں۔
ایڈوائزری میں بقرعید کے موقع پر سڑکوں، گلیوں یا کسی بھی عوامی مقام پر جانوروں کی قربانی کرنے اور اس کی تصاویر یا ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر بھی پابندی ہے۔ وزیر کپل مشرا نے حکومت کے موقف کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت ہمارے ثقافتی اور ماحولیاتی ورثے کے تحفظ کے لیے پابند عہد ہے جس میں جانوروں کی فلاح و بہبود ایک لازمی حصہ ہے۔ ہم تہوار کی تقریبات کے دوران کسی بھی غیر قانونی قربانی کو برداشت نہیں کریں گے۔ ایڈوائزری کی سختی سے تعمیل لازمی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
معلومات کے مطابق، یہ ایڈوائزری ڈی ایم، ڈی سی پی، کمشنر (ایم سی ڈی)، سکریٹری-کم-کمشنر اور دیگر تمام متعلقہ افسران کو بھیجی گئی ہے۔ اس کے ساتھ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بقرعید کے موقع پر جانوروں کی بہبود کے قانون پر سختی سے عمل کریں اور جو بھی اس کی خلاف ورزی کرے ، اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس کے علاوہ دہلی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایڈوائزری پر عمل کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کے بارے میں متعلقہ حکام کو مطلع کریں، تاکہ بقرعید کے موقع پر کوئی رکاوٹ نہ آئے اور تہوار پرامن طریقے سے منایا جا سکے۔