اتر پردیش کے وارانسی ہوائی اڈے پر اتوار کو ہتھیاروں کی جانچ کے دوران ایک مسافر کی بندوق سے اچانک گولی چل گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ یہ مسافر اپنی اہلیہ کے ساتھ ممبئی جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں سفر کرنے والا تھا۔ یہ واقعہ صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے وارانسی کے لال بہادر شاستری بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پیش آیا۔ مسافر نے پرواز میں سوار ہونے سے پہلے اپنے پاس ہتھیار ہونے کی اطلاع دی تھی۔ اس کے بعد سکیورٹی عملے نے ہتھیاروں کی جانچ شروع کی، اسی دوران بندوق سے اچانک ایک گولی چل گئی۔
حکام کے مطابق گولی پہلے زمین سے ٹکرائی اور پھر اچھل کر قریب کھڑے دو افراد کو لگ گئی۔ دونوں زخمیوں میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ مرد کے ہاتھ پر چوٹ آئی، جبکہ خاتون کی ران میں گولی لگی۔ دونوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق اس واقعے میں اسلحے کی جانچ کرنے والے دو اسکرینر بھی زخمی ہوئے۔ ان میں ایک خاتون ملازم بھی شامل ہے۔ دونوں کو علاج کے لیے نیو لکشمی ٹراما سینٹر لے جایا گیا۔ حکام نے بتایا کہ مسافر کا تعلق اعظم گڑھ سے ہے۔ اس کے پاس ایک پستول اور میگزین موجود تھا۔ مسافر کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔تازہ رپورٹ کے مطابق مسافر کے پاس موجود پستول لائسنس تھا اور اس نے پرواز سے پہلے ہتھیار رکھنے کی اطلاع بھی دی تھی۔
وارانسی ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر پونیت گپتا نے بتایا کہ مسافر اپنی اہلیہ کے ساتھ ممبئی جانے والی پرواز آئی ایکس-1810 میں سفر کرنے والا تھا۔ اس نے ہتھیار رکھنے کی اطلاع دی تھی، لیکن جانچ کے دوران ایک گولی چل گئی، جس سے دو سکیورٹی اسکرینر زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع مقامی پولیس کو دے دی گئی ہے اور پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفصیلات تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔