منصف ٹی وی کے خصوصی پروگرام ’ہیلتھ اور ہم‘ میں آج بچوں میں پائے جانے والے اینڈوکرائنولوجی مسائل (ہارمون سے متعلق امراض) پر تفصیلی گفتگو پیش کی گئی۔ اس پروگرام میں معروف ماہر ڈاکٹر سی۔ راہل ریڈی نے بچوں کی صحت سے جڑے اہم مسائل، ان کی وجوہات، علامات اور علاج کے طریقوں پر روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر راہل ریڈی نے بتایا کہ اینڈوکرائنولوجی دراصل جسم میں موجود غدود اور ہارمونز سے متعلق طب کی ایک اہم شاخ ہے۔ اگر بچوں میں ہارمونز کا توازن بگڑ جائے تو اس کے اثرات ان کی جسمانی، ذہنی اور جذباتی نشوونما پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ طرزِ زندگی، غیرمتوازن غذا، جسمانی سرگرمیوں میں کمی اور موروثی عوامل کے باعث بچوں میں ہارمون سے متعلق بیماریوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
پروگرام میں بچوں میں ذیابیطس، تھائرائیڈ کے مسائل، موٹاپا، قد کی مناسب نشوونما نہ ہونا، جلد بلوغت اور وٹامن کی کمی جیسے موضوعات پر تفصیل سے بات کی گئی۔ ڈاکٹر راہول ریڈی نے والدین کو مشورہ دیا کہ اگر بچوں میں غیرمعمولی تھکن، وزن میں اچانک اضافہ یا کمی، ضرورت سے زیادہ پیاس لگنا، قد کی سست رفتار نشوونما یا رویے میں تبدیلیاں نظر آئیں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کو متوازن غذا، مناسب نیند، باقاعدہ ورزش اور اسکرین ٹائم میں کمی کی عادت ڈالنا ضروری ہے تاکہ ان کی مجموعی صحت بہتر رہے۔ انہوں نے والدین کو خود سے دوا استعمال کرنے سے گریز کرنے اور مستند ڈاکٹروں سے مشورہ لینے کی تاکید کی۔
قارئین آپ ڈاکٹرسی راہل ریڈی کی مکمل بات چیت اس ویڈیو میں دیکھ سکتےہیں۔
’ہیلتھ اور ہم‘ کے اس خصوصی پروگرام کو ناظرین نے بے حد سراہا، کیونکہ اس میں بچوں کی صحت سے متعلق ایک اہم اور حساس موضوع پر معلوماتی گفتگو پیش کی گئی۔ پروگرام کا مقصد عوام میں شعور بیدار کرنا اور بچوں میں بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔