منصف ٹی وی کے مقبول طبی پروگرام “ہیلتھ اور ہم” میں آج ہرنیا (Hernia) جیسے عام مگر اہم صحت کے مسئلے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس خصوصی پروگرام میں ڈاکٹر سید صادق علی حفان، کنسلٹنٹ باریٹرک، منیمل ایکسس، جنرل اینڈ جی آئی سرجن، کامی نینی ہاسپٹلس، کنگ کوٹھی روڈ، عابڈز حیدرآباد نے ہرنیہ کی اقسام، علامات، وجوہات اور جدید علاج کے طریقوں پر جامع روشنی ڈالی۔
ہرنیا کے اقسام
ڈاکٹر نے بتایا کہ ہرنیا اس حالت کو کہتے ہیں جب جسم کے اندرونی اعضاء یا ٹشوز اپنے کمزور حصے سے باہر کی جانب ابھر آتے ہیں۔ یہ مسئلہ زیادہ تر پیٹ کی دیوار میں کمزوری کے باعث پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ہرنیا کی کئی اقسام ہیں جن میں inguinal hernia، umbilical hernia، femoral hernia اور incisional hernia شامل ہیں۔ مردوں میں inguinal ہرنیا زیادہ عام پایا جاتا ہے جبکہ بچوں اور خواتین میں دیگر اقسام بھی دیکھی جاتی ہیں۔
ہرنیا کےعلامات
علامات کے حوالے سے ڈاکٹر نے بتایا کہ مریض کو متاثرہ جگہ پر ابھار یا سوجن محسوس ہوتی ہے جو کھانسی، وزن اٹھانے یا کھڑے ہونے سے بڑھ جاتی ہے۔ بعض اوقات درد، بھاری پن اور جلن جیسی شکایات بھی سامنے آتی ہیں۔ اگر بروقت علاج نہ کیا جائے تو ہرنیا پیچیدہ شکل اختیار کر سکتا ہے جس میں آنت پھنسنے (strangulation) کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جو ایک ایمرجنسی صورتحال ہوتی ہے۔
ہرنیا کےوجوہات
وجوہات میں ڈاکٹر نے بتایا کہ مسلسل بھاری وزن اٹھانا، دائمی کھانسی، قبض، موٹاپا، حمل اور جسمانی کمزوری اہم عوامل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ صحت مند طرزِ زندگی اور وزن کو کنٹرول میں رکھنا اس بیماری سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
جدید علاج
علاج کے حوالے سے ڈاکٹر سید صادق علی حفان نے کہا کہ جدید دور میں لیپروسکوپک اور منیمل ایکسس سرجری کے ذریعے ہرنیا کا محفوظ اور مؤثر علاج ممکن ہے۔ اس طریقہ علاج میں چھوٹے چیروں کے ذریعے سرجری کی جاتی ہے جس سے مریض جلد صحت یاب ہو جاتا ہے اور درد بھی کم ہوتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہرنیا کا مکمل علاج صرف سرجری ہے، دواؤں سے یہ مسئلہ ختم نہیں ہوتا۔
پروگرام کے اختتام پر ناظرین کو ہدایت دی گئی کہ وہ ابتدائی علامات کو نظر انداز نہ کریں اور بروقت ماہر سرجن سے رجوع کریں تاکہ پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔
قارئین آپ ہرنیا پر ڈاکٹرسید صادق علی حفان کی مکمل بات چیت یہاں دیکھ سکتےہیں۔ اور ساتھ ہی منصف ٹی وی ہیلتھ پر مزید صحت سے متعلق ویڈیو زبھی دیکھے جا سکتےہیں۔