• News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • حیدرآباد کی پہلی ریڈیو فریکوئنسی آئیڈینٹیفیکیشن سے چلنے والی اسمارٹ پارکنگ تیار۔ اگست کے وسط سےعوام کیلئے دستیاب

حیدرآباد کی پہلی ریڈیو فریکوئنسی آئیڈینٹیفیکیشن سے چلنے والی اسمارٹ پارکنگ تیار۔ اگست کے وسط سےعوام کیلئے دستیاب

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jul 30, 2025 IST     

image
 
 شہروں میں گاڑیوں کی پارکنگ بہت بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ لیکن اب پارکنگ میں وقت ضائع کرنے کا دور چلا گیا۔ شہروں میں اب متعارف ہو رہا ہےآر ایف آئی ڈی، یا ریڈیو فریکوئنسی آئیڈینٹیفیکیشن( "RFID-enabled Smart Parking System")، جو شہریوں کو ایک جدید، آسان اور خودکار پارکنگ کا تجربہ فراہم کرتا ہے۔
 
شہرحیدرآباد میں پہلے ملٹی لیول اسمارٹ کار پارکنگ سسٹم جلد شروع ہوگا۔ حیدرآباد کےعلاقہ بنجاراہلز، ایل وی پرساد آئی انسٹی ٹیوٹ جنکشن اورجوبلی ہلز چیک پوسٹ جنکشن کے درمیان کے بی آر پارک انٹری گیٹ نمبر 1 کے قریب  آر ایف آئی ڈی سے چلنے والی اسمارٹ پارکنگ  تیار ہو گیاہے۔ اور یہ اگست کے وسط تک عوام کے لئے کھولا جائےگا۔

ٹرائل رن مکمل

خیرت آباد کے زونل کمشنر انوراگ جینتی نے کہا کہ ،اس اقدام کا مقصد شہر میں پارکنگ کی جگہوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنا ہے۔ انھوں نے بتایاکہ  "ٹرائل رن مکمل ہو گیا ہے، اور اگست کے وسط ہفتہ تک کثیر سطحی کار پارکنگ کا افتتاح کرنے کا منصوبہ ہے۔"آر ایف آئی ڈی  اسمارٹ پارکنگ  شہری زندگی کو آسان اور جدید بنانے کی طرف ایک اور بڑا قدم ہے۔ یہ صرف سہولت نہیں، بلکہ اسمارٹ شہروں کے مستقبل کی جھلک بھی ہے۔

پارکنگ کیلئے یوزر چارجز

405 مربع میٹر پر تعمیر کی گئی اس سہولت میں 72 کاروں کی گنجائش ہے جو چھ روٹری اسٹیکس میں کھڑی کی جا سکتی ہیں۔ ہر روٹری اسٹیک میں 12 کاریں شامل ہیں۔ جی ایچ ایم سی نے یوزر چارجز روپے مقرر کیے ہیں۔ تین گھنٹوں کی پارکنگ پرکار کے لئے 30 روپے اور دو پہیوں کے لیے10روپئے مقرر کئے ہیں۔ اس سہولت کو ایک سمارٹ کارڈ کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے جو ریڈیو فریکوئنسی آئیڈنٹیفیکیشن (RFID) کے ساتھ کام کرتا ہے۔ انھوں نےکہاکہ موبائل ایپ کے ذریعے سلاٹس کی بکنگ کی اجازت دینے کی تجویز زیر غور ہے۔

آسان مراحل میں پارکنگ

پارکنگ صبح 5 بجے سے رات 10 بجے کے درمیان دستیاب ہوگی۔ صارف اپنی کاریں تین آسان مراحل میں پارک کر سکتے ہیں: گاڑی چلانا، ہینڈ بریک لگانا، اور باہر نکلنا۔ حفاظتی نظام پھر خودکار اسٹیکنگ کے عمل کو سنبھال لیتا ہے۔

صرف چند سیکنڈ میں عمل مکمل

جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کے مطابق صارفین سمارٹ کارڈ کو سوائپ کرکے اپنی کاروں کو اسٹیک سے خود بخود بازیافت کرسکتے ہیں۔ اس عمل میں صرف چند سیکنڈ لگتے ہیں۔ اسسٹنٹ انجینئر (ADVT)، GHMC، نوین کمار نے کہا، "یہ سہولت نہ  KBR پارک میں آنے والوں کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کے لیے بھی ہے جو آس پاس کام یا کاروبار کرتے ہیں۔ کاروں کے علاوہ، دستیاب جگہ کا 20 فیصد دو پہیوں کے لیے مختص کیا گیا ہے،"۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ

ملٹی لیول سمارٹ پارکنگ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) موڈ کے تحت ڈیزائن، بلڈ، فائنانس، آپریشن اور ٹرانسفر (DBFOT) کی بنیاد پر حیدرآباد کی ایک پرائیویٹ فرم کو شامل کرکے تیار کیا گیا ہے۔

 عابڈس،سکندرآباد اورچارمینارقریب بھی منصوبہ 

KBR پارک کے قریب ملٹی لیول پارکنگ کورین ٹیکنالوجی کے ساتھ ایک پائلٹ پروجیکٹ ہے۔ اسی طرح کی  اسمارٹ پارکنگ سہولیات شہر کے دیگر علاقوں جیسے عابڈس، سکندرآباد اور چارمینار کے لیے بھی منصوبہ بندی کی گئی ہیں۔

 آرایف آئی ڈی ٹیکنالوجی کیا ہے

آر ایف آئی ڈی، یعنی ریڈیو فریکوئنسی آئیڈینٹیفیکیشن، ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جو ریڈیو لہروں کا استعمال خود بخود اشیا سے منسلک ٹیگز کی شناخت اور ٹریک کرنے کے لیے کرتی ہے۔ یہ ایک وائرلیس سسٹم ہے جو ٹیگز اور ریڈرز پر مشتمل ہے، جو مختلف ایپلی کیشنز جیسے انوینٹری مینجمنٹ، اثاثہ جات سے باخبر رہنے اور رسائی کنٹرول کے لیے کنٹیکٹ لیس ڈیٹا ایکسچینج کو فعال کرتا ہے۔

یہ سسٹم کیسے کام کرتا ہے؟

گاڑی پر ایک چھوٹا سا RFID ٹیگ چسپاں کیا جاتا ہے۔ جیسے ہی گاڑی پارکنگ ایریا میں داخل ہوتی ہے، وہاں لگے RFID ریڈرز خودکار طور پر گاڑی کی شناخت کرتے ہیں، آٹو میٹک گیٹ کھلتا ہے، اور پارکنگ کا وقت شروع ہو جاتا ہے۔ نکلتے وقت بھی یہی عمل دہراتا ہے اور پارکنگ فیس آپ کے اکاؤنٹ سے خود بخود کٹ جاتی ہے۔

اسمارٹ  پارکنگ سسٹم کے فائدے 

 پارکنگ کےلئےلمبی قطاروں سے نجات
 کیش یا ٹوکن کی جھنجھٹ ختم
 وقت کی بچت
 گاڑیوں کا مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ
 بہتر سیکیورٹی اور پارکنگ مینجمنٹ
اسمارٹ سسٹم پارکنگ آنے کےبعد شہرحیدرآباد میں بھی بہت جلد عام شہریوں کی پارکنگ کا مسئلہ حل ہوجانی کی امید ہے۔