• News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • حیدرآباد میں"اندازِ ہند" مشاعرہ آج۔ معروف اور ممتاز شعراء کی آمد

حیدرآباد میں"اندازِ ہند" مشاعرہ آج۔ معروف اور ممتاز شعراء کی آمد

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Jul 25, 2026 IST

حیدرآباد میں"اندازِ ہند" مشاعرہ آج۔ معروف اور ممتاز شعراء کی آمد
 
اوورسیز تلنگانہ اسوسی ایشن کے زیر اہتمام آج 25 جولائی بروز ہفتہ حیدرآباد کےعلاقہ نامپلی میں واقع ریڈ روز پیلس میں عظیم الشان "اندازِ ہند" مشاعرہ منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس ادبی تقریب میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے معروف اور ممتاز شعراء شرکت کریں گے اور اپنا کلام پیش کریں گے۔ مشاعرہ  کا آغاز رات8 بجے سے ہوگا۔ 
 
مشاعرے سے قبل تمام مہمان شعراء کے اعزاز میں گزشتہ شب (24جولائی)حیدرآباد کے معروف ریسٹورنٹ کابل دربار میں ایک پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر شعر و ادب سے وابستہ شخصیات ایک ہی چھت تلے جمع ہوئیں اور خوشگوار ماحول میں ادبی گفتگو کے ساتھ ایک دوسرے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔
 
عشائیے میں معروف شعراء ریحان صدیقی، شاذیہ قدوائی، شبینہ ادیب، رئیس نظامی اور نوری پروین نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ اوورسیز تلنگانہ اسوسی ایشن کے صدر محمد القریشی، کابل دربار کے سی ای او مجاہد حسین اور معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر شجاعت علی صوفی بھی تقریب میں موجود رہے۔
 
تقریب کے دوران شعراء نے اپنا منتخب کلام پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا اور ہر شعر پر بھرپور داد دی گئی۔ عشائیے کی یہ نشست محض ایک رسمی ملاقات نہیں بلکہ شعر و ادب سے محبت رکھنے والوں کے لیے ایک یادگار ادبی محفل ثابت ہوئی، جہاں کلاسیکی اور جدید اردو شاعری کے رنگ نمایاں نظر آئے۔
 
منتظمین کے مطابق "اندازِ ہند" مشاعرے کا مقصد اردو زبان و ادب کا فروغ، نوجوان نسل کو شعر و ادب سے جوڑنا اور مختلف ریاستوں کے شعراء کو ایک مشترکہ ادبی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ آج ہونے والے مشاعرے میں حیدرآباد اور اطراف سے بڑی تعداد میں ادب دوست  افراد شریک ہوں گے اور نامور شعراء کے کلام سے بھرپور لطف اندوز ہوں گے۔ منتظمین نے تمام اہل اردو، محبان اردو کو اس منفرد ادبی محفل میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے۔