Wednesday, June 24, 2026 | 07 محرم 1448
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • حج 2027 کے لیے درخواستوں کا آغاز،حج پالیسی کا بھی اعلان

حج 2027 کے لیے درخواستوں کا آغاز،حج پالیسی کا بھی اعلان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: | Last Updated: Jun 24, 2026 IST

حج 2027 کے لیے درخواستوں کا آغاز،حج پالیسی کا بھی اعلان
 
مرکزی حکومت نے حج 2027 کی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے آئندہ حج پالیسی کے اہم نکات کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے حج 2027 کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ عازمین حج ،حج کمیٹی آف انڈیا کے پورٹل اور حج سو ویدھا  ایپ کے ذریعے آن لائن درخواستیں داخل کر سکتے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد درخواست کے عمل کو زیادہ آسان، شفاف اور ہر  ایک کے لیے قابل رسائی بنانا ہے۔

 حج فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ

حج 2027 کے لیے درخواست  دینے کا عمل  22 جون 2026 سے 20 جولائی 2026 تک رات 11 بج کر 59 تک طے کیا گیا  ہے۔حج کمیٹی کے مطابق ڈیجیٹل رینڈم سلیکشن پروسیس (قرہ) کے ذریعے منتخب ہونے والے عازمین کی فہرست جولائی 2026 کے آخری ہفتے میں جاری کی جائے گی۔ منتخب درخواست دہندگان کو 10 اگست 2026 تک 1,52,300 روپے کی ایڈوانس رقم جمع کرنی ہوگی۔

فارم داخل کرنے کیلئے مطلوبہ دستاویزات:

درخواست کے ساتھ مطلوبہ دستاویزات کی اسکین شدہ کاپیاں بھی اپ لوڈ کرنا لازمی ہے
ہندوستانی بین الاقوامی پاسپورٹ کے پہلے اور آخری صفحہ کی ایک کاپی
پاسپورٹ سائز  تصویر
بینک پاس بک یا منسوخ شدہ چیک
پتے کا ثبوت
حج کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ درخواست کے وقت پاسپورٹ کی ویلیڈٹی 31 دسمبر سال 2027 تک ہونی چاہیے۔

سیٹ کینسل ہونے پر وارننگ

حج کمیٹی نے عازمین کو مشورہ دیا ہے سیٹ کینسل کرنے سے گریز کریں، کیوں کہ سیٹ رد ہونے سے آپریشنل اور انتظامی مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ اس لیے حج کے لیے مکمل عزم کے بعد ہی درخواست دیں۔ سیٹ کینسل ہونے کی صورت میں حج 2027 کے رہنما خطوط کے مطابق تعزیری دفعات لاگو کی جا سکتی ہیں۔

مرکزی وزیر کی قیادت میں جائزہ اجلاس

یہ اعلان 18 جون 2026 کو مرکزی وزیر کی صدارت میں منعقدہ اعلیٰ سطحی حج جائزہ اجلاس کے بعد کیا گیا، جس میں حج 2026 کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور حج 2027 کے لیے روڈ میپ کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سعودی عرب کی جانب سے مقرر کردہ اوقات کار اور تقاضوں کے مطابق تمام تیاریوں کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ بھارتی عازمین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حج پالیسی 2027 کا اعلان

حکومت اور پرائیوٹ  حج  کوٹےکی تقسیم 
اعلان کے مطابق حج کمیٹی آف انڈیا اور نجی حج آپریٹرس کے درمیان حج کوٹے کی تقسیم بدستور 70:30 کے تناسب سے برقرار رہنے کا امکان ہے۔ مجوزہ تقسیم کے تحت حج کمیٹی آف انڈیا کو 1,22,518  عزامین  جبکہ نجی شعبے کو 52,507 عازمین  دی جائیں گی۔

حج کوٹے میں اضافے کی کوشش

تاہم حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ وہ سعودی حکام سے رابطے کے ذریعے بھارتی عازمین کے لیے حج کوٹے میں مزید اضافے کی کوشش کرے گی۔ گزشتہ سال بھارت کا مجموعی حج کوٹہ 1,75,025 تھا اور بڑھتی ہوئی طلب کو دیکھتے ہوئے اضافی کوٹے کے حصول کی کوششیں جاری رہیں گی۔
عازمین کے لیے بہتر سہولیات برقرار رکھنے کا فیصلہ
حج 2027 کی پالیسی میں ان سہولیات کو برقرار رکھا گیا ہے جنہیں حج 2026 کے دوران عازمین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔ ان میں منیٰ میں صوفہ کم بیڈ کی فراہمی، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان اسپیڈ  ٹرین کے ذریعے سفر، مکہ میں ہوٹل طرز کی رہائش اور 20 روزہ شارٹ حج پیکیج شامل ہیں۔

 

انتظار کی فہرست کے عازمین کو ترجیح

حج پالیسی 2027 میں ایک اہم تبدیلی انتظار کی فہرست(ویٹنگ لسٹ) سے متعلق کی گئی ہے۔ حکومت کے مطابق حج 2026 کے ان درخواست گزاروں میں سے جو آخری مرحلے تک ویٹنگ لسٹ میں رہے، ان میں سرفہرست 20 فیصد امیدواروں کو حج 2027 میں ترجیح دی جائے گی۔اس اقدام کا مقصد مسلسل بڑھتی ہوئی انتظار کی فہرست کو منصفانہ انداز میں کم کرنا اور ایسے افراد کو بہتر موقع فراہم کرنا ہے جو گزشتہ برس حج پر نہیں جا سکے تھے۔

ریاستی حج انسپکٹرس کی تعداد میں اضافہ

عازمین کی بہتر رہنمائی اور زمینی سطح پر معاونت کو مضبوط بنانے کے لیے ریاستی حج انسپکٹرس کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ پہلے ایک انسپکٹر 150 عازمین کی نگرانی کرتا تھا، تاہم نئی پالیسی کے تحت اب ہر 135 عازمین کے لیے ایک انسپکٹر مقرر کیا جائے گا۔
حکومت کا ماننا ہے کہ اس فیصلے سے عازمین کو دوران سفر اور سعودی عرب میں بہتر رہنمائی اور فوری مدد دستیاب ہو سکے گی۔

کولکاتا سے شارٹ حج پیکیج کی سہولت

20 روزہ شارٹ حج پیکیج کو بھی برقرار رکھا گیا ہے۔ اس پیکیج کو پہلے سال میں عازمین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا تھا۔ مشرقی بھارت سے بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر اب کولکاتا کو بھی اضافی ایمبارکیشن پوائنٹ کے طور پر شامل کیا جا رہا ہے، جس سے مغربی بنگال اور اطراف کے علاقوں کے عازمین کو فائدہ پہنچے گا۔

طبی جانچ کے نئے اصول

نئی پالیسی میں طبی جانچ کے نظام کو سعودی عرب کے طبی رہنما خطوط سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔ اس کے تحت بعض سنگین اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے خصوصی طبی جانچ لازمی ہوگی۔حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عازمین کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنانا ہے تاکہ دوران حج کسی طبی پیچیدگی یا ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔

حج انتظامات میں مصنوعی ذہانت کا استعمال

حج 2027 کی پالیسی کا سب سے نمایاں پہلو مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کا استعمال ہے۔ وزارت اقلیتی امور عازمین کی سہولت کے لیے مختلف مراحل میں اے آئی پر مبنی نظام متعارف کرانے جا رہی ہے۔ اس میں درخواستوں اور دستاویزات کی جانچ، مختلف ایمبارکیشن پوائنٹس سے پروازوں کی منصوبہ بندی، شکایات کے اندراج اور ان کے فوری ازالے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شامل ہوگا۔
 

بہترین خدمات پرانڈین حج میشن کو ایوارڈز

حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ہر عازم کے لیے حج کو زیادہ آرام دہ، محفوظ اور باوقار بنانا ہے۔ انہی خدمات کے اعتراف میں سعودی وزارت حج و عمرہ نے بھارتی حج مشن کو حج 2026 کے دوران "بہترین حج کوآرڈینیشن اور کمیونی کیشن" کے زمرے میں دو ممتاز "لبیتم ایوارڈز" سے نوازا۔ یہ پہلا موقع ہے جب بھارتی حج مشن کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔

اردو، ہندی اورعلاقائی زبانوں میں اے آئی معاون

عازمین کی سہولت کے لیے ایک جدید مکالماتی اے آئی اسسٹنٹ بھی متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ یہ نظام اردو، ہندی اور مختلف علاقائی زبانوں میں چوبیس گھنٹے رہنمائی فراہم کرے گا۔
 
عازمین اپنی زبان میں آواز یا تحریری پیغام کے ذریعے سوال پوچھ سکیں گے اور فوری جواب حاصل کر سکیں گے۔ یہ سہولت درخواست فارم بھرنے، ادائیگیوں، پروازوں، رہائش، سامان، شکایات کے اندراج اور ہنگامی مدد سمیت مختلف امور میں معاون ثابت ہوگی۔
 
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے خاص طور پر پہلی مرتبہ حج پر جانے والے افراد اور بزرگ عازمین کو فائدہ ہوگا، جبکہ درخواست فارم میں غلطیوں اور غیر ضروری تاخیرمیں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

سعودی نظام سے انضمام کی منصوبہ بندی

وزارت کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مستقبل میں بھارتی حج نظام کو سعودی عرب کے متعلقہ پلیٹ فارمز کے ساتھ مربوط کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اس سے عازمین کو دونوں ممالک کے نظاموں سے مربوط اور حقیقی وقت کی معلومات حاصل ہوں گی اور ان کے سفر کو مزید سہل بنایا جا سکے گا۔

بروقت درخواست دینے کی اپیل

مرکزی وزیر نے تمام اہل عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی درخواستیں جمع کرائیں اور صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔ انہوں نے حج کمیٹی آف انڈیا اور متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت دی کہ درخواست کے پورے عمل کو شفاف، آسان اور عوام دوست بنایا جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ہر بھارتی عازم  حج کے لیے محفوظ، آرام دہ، شفاف اور باوقار حج کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔