ترکی کے شہر استنبول میں تعلیمی اداروں میں نماز کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ استنبول گورنر آفس نے تمام ضلعی گورنریٹس کو ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ نئے تعمیر ہونے والے اسکولوں میں نماز کے لیے باقاعدہ کمرے قائم کیے جائیں، جن کی گنجائش اتنی ہو کہ وہاں جمعہ کی نماز بھی ادا کی جا سکے۔
ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ اقدام طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کو تعلیمی اداروں کے اندر ہی عبادت کی مناسب سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسکولوں کی منصوبہ بندی کے دوران نماز کے کمروں کو لازمی حصہ بنایا جائے گا تاکہ طلبہ کو عبادت کے لیے الگ سے کسی جگہ جانے کی ضرورت نہ پڑے۔ حکام نے یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ جو اسکول پہلے سے قائم ہیں، ان میں دستیاب مناسب جگہوں کی نشاندہی کرکے انہیں نماز کے کمروں میں تبدیل کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ تعلیمی اداروں کو ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق، اس فیصلے کا مقصد تعلیمی ماحول میں مذہبی فرائض کی ادائیگی کے لیے سہولت فراہم کرنا اور طلبہ و عملے کی ضروریات کو مدنظر رکھنا ہے۔ نئے ضوابط کے تحت نماز کے کمروں کی گنجائش، صفائی اور بنیادی سہولیات کا بھی خاص خیال رکھا جائے گا تاکہ جمعہ سمیت دیگر نمازیں آسانی سے ادا کی جا سکیں۔ اس فیصلے کے بعد استنبول کے سرکاری تعلیمی اداروں میں مرحلہ وار ان ہدایات پر عمل درآمد شروع کیے جانے کی توقع ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔