Saturday, August 16, 2025 | 22, 1447 صفر
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • ممبئی کے وکرولی ویسٹ میں شدید بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ، دو لوگوں کی موت، دو زخمی

ممبئی کے وکرولی ویسٹ میں شدید بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ، دو لوگوں کی موت، دو زخمی

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Aug 16, 2025 IST     

image
ممبئی میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات ہیں۔ معلومات کے مطابق وکھرولی پارک سائٹ علاقے میں آج صبح مٹی کے تودے گرنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی اور دو زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ وکرولی ویسٹ کے ورشا نگر جن کلیان سوسائٹی میں پیش آیا۔ یہاں پہاڑی علاقے سے مٹی اور پتھر پھسل کر ایک مکان پر گرے۔ اس حادثے میں دو افراد کی موت ہو گئی۔ دو افراد زخمی ہیں، جنہیں راجواڑی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔معلومات کے مطابق حادثے کے بعد چار افراد کو ملبے سے نکالا گیا۔ چاروں کو فوری طور پر راجواڑی اسپتال لے جایا گیا۔ سریش مشرا (50 سال) اور شالو مشرا (19 سال) کی موت ہوگئی جبکہ آرتی مشرا (45 سال) اور رتوج مشرا (2 سال) زخمی ہیں۔ یہ حادثہ رات تقریباً 2.30 بجے پیش آیا۔ اس وقت گھر میں سب سو رہے تھے۔ اسی دوران پہاڑی علاقے میں اچانک لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور ملبہ مکان پر گر گیا۔
 
ممبئی میں بارش کے لیے ریڈ الرٹ:
 
آپ کو بتاتے چلیں کہ ممبئی میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ موسلادھار بارش کے باعث شہر کے کئی علاقے زیر آب آگئے۔ محکمہ موسمیات نے یہاں بارش کے لیے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو یہاں تیز بارش ہوگی۔موسلادھار بارش کی وجہ سے ممبئی کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ گاندھی مارکیٹ، کنگز سرکل، اندھیری سب وے، چیمبور، کرلا، میلان سب وے اور ایس سی ایل آر برج کے علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ دادر اور سیون ریلوے اسٹیشنوں پر بھی پانی بھر گیا ہے۔
 
لوگوں کو الرٹ رہنے کا مشورہ:
 
ممبئی پولیس نے بھی لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ شہر میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے، اس لیے لوگ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ کہیں بھی جاتے وقت انتہائی محتاط رہیں۔ ممبئی پولیس نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ بھی کی ہے۔ ممبئی پولیس موسلادھار بارش کے حوالے سے الرٹ موڈ میں ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
 
جموں و کشمیر میں بھی لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے 60 سے زیادہ لوگوں کی  موت:
 
بتا دیں کہ ملک کے مختلف مقامات پر شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اترپردیش۔ ہماچل پردیش۔ اتراکھنڈ۔ بہار  اور آسام کے علاوہ دونوں تلگوریاستوں میں بھی شدید بارش کی وجہ سے کئی مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ جموں و کشمیر میں بھی شدید بارش اور لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے 60 سے زیادہ لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ مزید سینکڑوں لوگوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیاگیاہے۔ چیف منسٹر عمرعبداللہ نے کہاکہ ریسکیو آپریشن جاری ہے تاہم بارش کی وجہ سے بچاو کاروائیوں میں مشکل پیش آرہی ہے۔ ادھر ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں بھی حالات ٹھیک نہیں ہیں۔ دونوں ریاستوں میں بھاری بارش اور لینڈ سلائیڈنگ نے بڑے پیمانہ پر نقصان پہنچایا ہے۔ اس کے علاوہ بہار میں بھی لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ اس دوارن محکمہ موسمیات نے کئی علاقوں میں مزید تین دن تک بارش پیش قیاسی کی ہے۔