Friday, May 02, 2025 | 04, 1446 ذو القعدة
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • ملکارجن کھرگے نے وزیراعظم کو لکھاخط:پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کانگریس صدر کا مطالبہ

ملکارجن کھرگے نے وزیراعظم کو لکھاخط:پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کانگریس صدر کا مطالبہ

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Apr 29, 2025 IST     

image
کانگریس کے صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں وحشیانہ دہشت گردانہ حملے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے اور اجتماعی خواہش کا مظاہرہ کرنے کیلئے جلد از جلد پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا خصوصی اجلاس بلایا جائے۔ کھرگے نے کہاکہ یہ حملہ صرف سیاحوں پر نہیں بلکہ پورے ملک  پر ہے اس لئے اس سے نمٹنے کیلئے اجتماعی خواہش کا مظاہرہ کرنے کیلئے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیاجانا چاہئے۔ کانگریس صدر نےمزید کہاکہ دہشت گردی کے خلاف پورا ملک متحد ہے اور اپوزیشن اس مسئلہ پر حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
 
ادھر دوسری جانب عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ایم پی سنجے سنگھ نے بھی ملکارجن کھرگے کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے جب اس سلسلہ میں آل پارٹی میٹنگ بلائی تو مجھے لگتاہے کہ پارلیمنٹ سیشن بلانے میں بھی اسے کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے۔ سنجے سنگھ نے کہاکہ اگر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلاتی ہے تو اس سے الگ الگ جماعتوں کو اس بارے میں تفصیل سے بات کرنے اور اپنا موقف رکھنے کا موقع ملے گا۔ سنجے سنگھ نے دہشت گردانہ حملے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دہشت گرد اتنے اندر آئے اور گولیاں بھی چلادیں جس سے حکومت اور انٹلی جنس کی ناکامی ثابت ہوتی ہے۔ 
 
ساتھ ہی بتا تے چلیں کہ پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ کے بعد جموں وکشمیر کے سری نگر میں سیاحتی سرگرمیاں آہستہ آہستہ لوٹ رہی ہیں۔ سیاح سری نگر کا دورہ کرتے ہوئے خاص طورپر ڈل جھیل کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ ایک سیاح نے کہاکہ ہمیں یہاں آکر بہت اچھا لگا تاہم انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہارکیاکہ وہ پہلگام نہیں جاسکے۔ 
 
کانگریس ایم پی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی آج سے رائے بریلی اور امیٹھی کے دورہ پر ہیں۔ اس دوران وہ لوگوں سے ملاقات کریں گے اور انہیں درپیش مسائل پر بات کریں گے۔ ا س دوران کانگریس کے سینئر لیڈر پرمود تیوری نے کہاکہ گاندھی خاندان کے بارے میں ایک خاص بات یہ ہے کہ وہ اپنی قومی اور داخلی ذمہ داریوں کو نبھانے کے ساتھ ساتھ اپنے حلقوں کا بھی اچھی طرح خیال رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم راہول گاندھی کو سلام کرتے ہیں کہ انہوں نے پہلگام حملے کے بعد اپنا غیر ملکی دورہ مختصر کیا اور فوری ملک واپس ہوگئے۔