• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • ووٹر لسٹ میں میرا نام نہیں ، تیجسوی یادو نے کیا بڑا دعویٰ، پوچھا الیکشن کیسے لڑیں گے؟

ووٹر لسٹ میں میرا نام نہیں ، تیجسوی یادو نے کیا بڑا دعویٰ، پوچھا الیکشن کیسے لڑیں گے؟

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Aug 02, 2025 IST     

image
بہار ووٹر لسٹ کے خصوصی نظر ثانی (SIR) کے عمل کے بعد، الیکشن کمیشن نے جمعہ کو اپنی پہلی نظر ثانی شدہ ووٹر لسٹ کا مسودہ جاری کیا۔ ریاست کے جن 38 اضلاع کے لیے یہ ووٹر لسٹ کا مسودہ جاری کیا گیا ہے، ان میں سب سے زیادہ ووٹروں کے نام پٹنہ ضلع سے حذف کیے گئے ہیں۔ ایس آئی آر کے بعد الیکشن کمیشن نے بہار کے کل 78969844 ووٹروں میں سے 6564075 ووٹروں کے نام ہٹا دیے ہیں۔ اس وقت جو مسودہ فہرست جاری کی گئی ہے اس میں 72405756 ووٹرز کے نام شامل ہیں۔تاہم آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے آج ایک پریس کانفرنس کرکے اس معاملے پر اہم جانکاری دی۔ تیجسوی یادو نے کہا، میرا اپنا نام ووٹر لسٹ میں نہیں ہے۔
 
آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے دعویٰ کیا کہ الیکشن کمیشن نے ناموں کو حذف کرنے میں چالاکی اور سازش کا استعمال کیا ہے۔ ہر اسمبلی سے 25 سے 30 ہزار نام حذف کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی فہرست میں یہ نہیں بتایا جائے گا کہ کس کا نام حذف کیا گیا، کیوں حذف کیا گیا اور کس بوتھ سے حذف کیا گیا۔ الیکشن کمیشن مکمل طور پر لیپ ڈاگ کمیشن بن چکا ہے۔
 
تیجسوی یادو کا بیان:
 
تیجسوی یادو نے کہا کہ جب سے ایس آئی آر کا عمل جاری ہے، شفافیت برقرار نہیں رکھی گئی۔ کسی سیاسی جماعت کو نظر میں رکھے بغیر انہوں نے SIR کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے عمل کو لے کر کافی تنازعہ ہوا، چاہے وہ دستاویزات ہوں، ہجرت، ٹائمنگ، اور اپوزیشن کی جانب سے سوالات اٹھائے گئے۔ الیکشن کمیشن نے ہمارے مطالبات پر کوئی کارروائی نہیں کی۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی تجویز کو بھی نظر انداز کر دیا ہے۔ یہ لوگ بڑے پیمانے پر نئی ووٹر لسٹ سے بہت سے غریبوں کے نام حذف کر دیں گے۔ لیکن الیکشن کمیشن کہتا رہا کہ کسی کا نام حذف نہیں کیا جائے گا۔ 
 
65 لاکھ ووٹروں کے نام حذف:
 
تیجسوی یادو نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ پرانی ووٹر لسٹ سے جس کا بھی نام حذف ہوگا،اس فہرسٹ کی جانکاری سیاسی جماعتوں کو  الیکشن کمیشن   کی جانب سے دی جائے گی ۔تقریباً ہر اسمبلی سے 20 سے 30 ہزار نام حذف کیے گئے ہیں۔ یعنی کل 65 لاکھ ووٹروں کے نام یعنی تقریباً 8.5 فیصد کو حذف کر دیا گیا ہے۔ اس دوران تیجسوی یادو نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ میرا اپنا نام فہرست میں نہیں ہے۔ تاہم تیجسوی یادو کے اس بیان کے بعد الیکشن کمیشن نے تیجسوی یادو کے دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے پوری فہرست جاری کر دی ہے۔ اس فہرست میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ تیجسوی یادو اس ووٹر لسٹ میں 416 ویں نمبر پر ہیں۔