Thursday, April 02, 2026 | 13 شوال 1447
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • ناسا نے آرٹیمس 2 مشن کیا لانچ، مستقبل میں چاند پر لیڈنگ میں ملے گی مدد

ناسا نے آرٹیمس 2 مشن کیا لانچ، مستقبل میں چاند پر لیڈنگ میں ملے گی مدد

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Alam | Last Updated: Apr 02, 2026 IST

ناسا نے آرٹیمس 2 مشن کیا لانچ، مستقبل میں چاند پر لیڈنگ میں ملے گی مدد
ناسا نے آج 2 اپریل  کو انسانوں کو چاند کے قریب لے جانے والا اپنا اہم آرٹیمس II مشن کامیابی سے لانچ کر دیا ہے۔بھارتی وقت کے مطابق صبح 3:54 بجے فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے اسپیس لانچ سسٹم (SLS) راکٹ کے ذریعے اس مشن کو روانہ کیا گیا۔ یہ مشن تقریباً 50 سال بعد چاند کی طرف بھیجا گیا پہلا انسانی مشن ہے، جس پر پوری دنیا کی نظریں ٹکی ہوئی ہیں اور اسے تاریخی قرار دیا جا رہا ہے۔
 
 آرٹیمس II مشن کیا ہے؟
 
آرٹیمس II  تقریباً 10 دن کا خلائی مشن ہے۔ اس مشن میں چار خلا باز10 دن کے اہم سفر پر چاند کے گرد چکر لگائیں گے۔یہ مشن نہ صرف مستقبل میں چاند پر لینڈنگ کی تیاری ہے بلکہ خلا میں مستقل انسانی موجودگی کی سمت ایک بڑا قدم بھی مانا جا رہا ہے۔ 
 
یہ مشن اپولو پروگرام کے بعد پہلا ایسا انسانی مشن ہے جس میں انسان چاند کے قریب جائیں گے۔ اس دوران خلائی جہاز چاند کے پیچھے سے گزرتے ہوئے ایک خاص راستے پر جائے گا اور کئی اہم تکنیکی نظاموں کا تجربہ کیا جائے گا، تاکہ مستقبل کے مشنوں کے لیے قیمتی ڈیٹا اور تجربہ حاصل کیا جا سکے۔
 
 مشن میں شامل چار خلاباز:
 
اس مشن میں چار خلاباز جن میں،ریڈ وائسمین،وکٹر گلوور،کرسٹینا کوچ اور جیریمی ہینسن شامل ہیں۔
یہ عملہ کئی اعتبار سے خاص ہے۔ کرسٹینا کوچ چاند کی طرف جانے والی پہلی خاتون خلاباز ہوں گی، وکٹر گلوور پہلے سیاہ فام خلاباز ہوں گے، جبکہ جیریمی ہینسن کینیڈا کی طرف سے نمائندگی کر رہے ہیں۔
 
یہ مشن خلائی شعبے میں بڑھتی ہوئی تنوع، مساوی مواقع اور بین الاقوامی تعاون کی ایک مضبوط مثال پیش کرتا ہے۔
 
 مشن کا بنیادی مقصد:
 
مشن کا بنیادی مقصد خلاء میں نئی ٹیکنالوجیز اور سسٹمز کی جانچ کرنا ہے۔ لانچ کے بعد پہلے دو دن زمین کے مدار میں رہ کر لائف سپورٹ، نیویگیشن اور کمیونیکیشن سسٹمز کی جانچ کی جائے گی۔ اس کے بعد خلائی جہاز چاند کی طرف بڑھے گا اور وہاں کے قریب سے گزرتے ہوئے اہم ٹیسٹ کرے گا۔
 
 مستقبل کے مشنوں کے لیے اہم قدم:
 
آرٹیمس II مشن کو مستقبل کے چاند مشنوں کے لیے ایک اہم سنگ میل سمجھا جا رہا ہے۔ اس سے حاصل ہونے والا ڈیٹا اور تجربہ آئندہ مشنوں کے لیے بہت کام آئے گا۔ خاص طور پر یہ مشن آرٹیمس III کے لیے راہ ہموار کرے گا، جس میں انسانوں کو چاند کی سطح پر اتارنے کا منصوبہ ہے۔