Saturday, May 16, 2026 | 28 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • پیپر لیک کے بعد بڑا فیصلہ، اگلے سال سے نیٹ امتحان کمپیوٹر پر ہوگا

پیپر لیک کے بعد بڑا فیصلہ، اگلے سال سے نیٹ امتحان کمپیوٹر پر ہوگا

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: May 15, 2026 IST

پیپر لیک کے بعد بڑا فیصلہ، اگلے سال سے نیٹ امتحان کمپیوٹر پر ہوگا
مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان  نے جمعہ 15 مئی کو نیٹ پیپر لیک معاملے پر اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کئی بڑے اعلانات کیے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے مفادات حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور کسی بھی مستحق امیدوار کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔
 
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کچھ عناصر غلط معلومات پھیلا رہے ہیں، جبکہ حکومت پورے معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات کر رہی ہے۔ وزیر تعلیم کے مطابق، ابتدائی تحقیقات میں یہ واضح ہو چکا ہے کہ امتحان کا سوالیہ پرچہ لیک ہوا تھا، جس کے بعد حکومت نے فوری کارروائی کا فیصلہ کیا۔
 
این ٹی اے کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ نیٹ (یو جی) 2026 کا امتحان اب 21 جون کو دوبارہ منعقد کیا جائے گا۔ یہ امتحان اصل میں 3 مئی کو ہوا تھا، لیکن پیپر لیک تنازع سامنے آنے کے بعد اسے منسوخ کر دیا گیا۔
 
پریس کانفرنس کے دوران  مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے ایک اور بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال سے نیٹ امتحان کے نظام میں اہم تبدیلی کی جائے گی۔ اب روایتی او ایم آر شیٹس کے بجائے امتحان مکمل طور پر کمپیوٹر پر مبنی ہوگا، تاکہ شفافیت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکا جا سکے۔ وزیر تعلیم نے کہا، ہم نہیں چاہتے کہ کسی محنتی طالب علم کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ہو۔ حکومت اس معاملے میں سخت اور واضح مؤقف رکھتی ہے۔
 
نیٹ امتحان کے دوبارہ انعقاد کے اعلان کے بعد لاکھوں طلبہ اور والدین کی نظریں اب 21 جون پر مرکوز ہو گئی ہیں، جبکہ پورے معاملے پر سیاسی اور عوامی بحث بھی تیز ہو گئی ہے۔