• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • پارلیمنٹ میں این ایس اے اجیت ڈوول کی آمد سے قیاس آرائیاں، آج کئی اہم بلوں پر ہوگی بحث

پارلیمنٹ میں این ایس اے اجیت ڈوول کی آمد سے قیاس آرائیاں، آج کئی اہم بلوں پر ہوگی بحث

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jul 29, 2026 IST

پارلیمنٹ میں این ایس اے اجیت ڈوول کی آمد سے قیاس آرائیاں، آج کئی اہم بلوں پر ہوگی بحث
قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کی اچانک پارلیمنٹ آمد نے سیاسی اور پارلیمانی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیوں کو جنم دے دیا۔ اس وقت لوک سبھا میں پیپر لیک مخالف ترمیمی بل پر بحث جاری ہے، جبکہ اپوزیشن کے ہنگامے کے باعث ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی گئی تھی۔ اجیت ڈوول کی پارلیمنٹ آمد کے بعد یہ بحث شروع ہو گئیں کہ وہ کسی اہم سکیورٹی معاملے پر حکومت کے سینئر وزراء کو بریفنگ دینے آئے ہیں یا کسی بڑے قومی مسئلے پر اعلیٰ سطحی مشاورت ہونے والی ہے۔ تاہم سرکاری ذرائع کے مطابق  اجیت ڈوول کا یہ دورہ مکمل طور پر معمول کا تھا اور اس کا کسی ہنگامی سکیورٹی صورتحال یا خصوصی اجلاس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
 
آج لوک سبھا میں کئی اہم بل پیش کیے جائیں گے
 
لوک سبھا کے نظرثانی شدہ ایجنڈے کے مطابق آج ایوان میں متعدد اہم بلوں پر بحث اور منظوری متوقع ہے۔ ان میں عوامی امتحانات (ترمیمی) بل 2026، رجسٹریشن آف برتھ اینڈ ڈیتھ (ترمیمی) بل 2026 اور سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد بڑھانے سے متعلق ترمیمی بل شامل ہیں۔ رجسٹریشن آف برتھ اینڈ ڈیتھ (ترمیمی) بل کے تحت پیدائش یا موت کے اندراج میں تاخیر کی صورت میں نئے قواعد نافذ کیے جائیں گے۔ اگر رجسٹریشن ایک سے دو سال کی تاخیر سے کرائی جاتی ہے تو اس کے لیے ضلع مجسٹریٹ (DM)، سب ڈویژنل مجسٹریٹ (SDM) یا ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی اجازت ضروری ہوگی۔
 
آدھار، ووٹر آئی ڈی اور پاسپورٹ سے ہوگا ربط
 
مجوزہ قانون کے تحت ملک بھر میں پیدائش اور موت کے ریکارڈ کو ایک مرکزی ڈیجیٹل ڈیٹا بیس سے جوڑا جائے گا، جسے آدھار، ووٹر لسٹ، راشن کارڈ اور پاسپورٹ جیسے اہم سرکاری ریکارڈز سے بھی منسلک کیا جائے گا۔ مودی حکومت کے مطابق اس اقدام سے شناخت کی تصدیق کا نظام مزید مضبوط ہوگا اور سرکاری خدمات کی فراہمی میں شفافیت آئے گی۔ مرکزی وزیر قانون ارجن رام میگھوال آج سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد بڑھانے سے متعلق ترمیمی بل بھی ایوان میں پیش کریں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عدالت عظمیٰ میں زیر التوا مقدمات کا بوجھ کم کرنا اور مقدمات کے جلد از جلد تصفیے کو یقینی بنانا ہے۔
 
مرکزی وزیر امیت شاہ پیش کریں گے رجسٹریشن آف برتھ اینڈ ڈیتھ بل
 
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ایوان میں رجسٹریشن آف برتھ اینڈ ڈیتھ (ترمیمی) بل 2026 پیش کریں گے۔ حکومت کے مطابق اس بل کے ذریعے پیدائش اور موت کے اندراج کے نظام کو مکمل طور پر جدید، ڈیجیٹل اور شفاف بنایا جائے گا، تاکہ جعلی دستاویزات کے استعمال پر مؤثر روک لگائی جا سکے اور شہریوں کو بہتر سرکاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔