پارلیمنٹ کا اجلاس دو دن کے وقفہ کے بعد آج دوبارہ شروع ہوگا۔ اپوزیشن جماعتیں دہلی میں طلبہ اور نوجوانوں کے خلاف طاقت کے استعمال کے معاملے پر حکومت کو سختی سے گھیرنے کی تیاری میں ہیں۔مانا جا رہا ہے کہ اپوزیشن وزیر داخلہ امیت شاہ کے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کرے گی۔
اپوزیشن کا الزام ہے کہ دہلی پولیس نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی ہدایت پر طلبہ اور نوجوانوں کے خلاف کارروائی کی، جس کے باعث انہیں نشانہ بنایا گیا۔ اپوزیشن جماعتیں آج پارلیمنٹ میں امت شاہ کے استعفے کا مطالبہ اٹھا سکتی ہیں اور ان سے عوام سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کریں گی۔
دونوں ایوانوں میں اپوزیشن جماعتیں مودی حکومت سے اس معاملے پر جواب طلب کرے گی، جبکہ مودی حکومت بھی دھرمیندر پردھان کے استعفے کے بعد نئی حکمت عملی کے ساتھ اپوزیشن کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔ مودی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سخت ٹکراؤ کے باعث آج کا پارلیمانی اجلاس انتہائی ہنگامہ خیز رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
وہیں دوسری جانب این ڈی اے حکومت آج لوک سبھا میں عوامی امتحانات (ترمیمی) بل 2026 بھی پیش کرے گی۔ مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ یہ بل ایوان میں پیش کریں گے۔ اس بل کا مقصد عوامی امتحانات ایکٹ 2024 میں ترمیم کرنا ہے۔
جمعہ کے روز مرکزی کابینہ نے اس بل کے مسودے کو منظوری دی تھی، جس میں پیپر لیک اور امتحانات میں بدعنوانی کے مقدمات کے فوری فیصلے کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتوں کے قیام اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کے لیے مزید سخت سزاؤں کی تجویز شامل ہے۔
واضح رہے کہ نریندر مودی نے اپنے حالیہ ویڈیو پیغام میں بھی اس کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے اور امتحانی نظام کو شفاف بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے جائیں گے۔