پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالات ابھی تک نارمل نہیں ہوئے ہیں لیکن پھر بھی پاکستان اپنی سرگرمیوں سے باز نہیں آ رہا ہے۔ پاکستان نے پیر اور منگل کی درمیانی شب پانچویں بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔ ہندوستانی فوج نے بھی پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ پاکستان نے کپواڑہ اور بارہمولہ سمیت کئی مقامات پر فائرنگ کی ۔جس کے بعد ہندوستانی فوج نے بھی اسے منہ توڑ جواب دیا۔ پاکستانی فوج کی طرف سے ہلکی فائرنگ کی گئی۔
پاکستان نے اس سے قبل توتماری گلی اور رام پور سیکٹر میں فائرنگ کی تھی۔پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستانی سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔ جموں و کشمیر میں کئی مقامی دہشت گردوں کے مکانات کو دھماکے سے اڑا دیا گیا ہے۔ فوج نے کئی علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا ہے۔ فوج نے وادی بیسرن سے متصل کوکرناگ جنگل کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد یہاں دہشت گردوں کا ایک گروپ دیکھا گیا جنہیں فوج تلاش کر رہی ہے۔
بتا دیں کہ پہلگام دہشت گرد حملہ کے بعد مرکز ی حکومت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کئی ایک سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ہندوستان میں مقیم پاکستانی شہریوں کو فوری ملک چھوڑنے کا حکم دیاگیاہے۔ وہیں سینکڑوں پاکستانی شہری 27 اپریل کو ہندوستان چھوڑکر پاکستان منتقل ہوگئے جبکہ مزید پاکستانی شہریوں کو آج ملک چھوڑنا ہے۔ تاہم اس سلسلہ میں بعض پاکستانی شہری حکومت کے اس حکم سے ناراض ہیں اور انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ یہاں اپنے رشتہ داروں کے ساتھ رہنے والوں کو اس حکم سے استثنیٰ دیاجائے۔