وزیر اعظم نریندر مودی آج اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی کا دورہ کریں گے اور 2,200 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔اس دورے کا اعلان اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو ایکس پر ایک پوسٹ میں کیاتھا۔آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اپنے دورے کے دوران پی ایم مودی کسانوں کیلئے پی ایم کسان سمان ندھی کی 20ویں قسط جاری کریں گے۔
وزیر اعظم جن اہم منصوبوں کا اعلان کرنے والے ہیں ان میں وارانسی۔بھدوہی روڈ کو چار لین چوڑا کرنا، ریلوے اوور برج کی تعمیر اور کینسر ہسپتالوں میں روبوٹک سرجری یونٹس جیسے جدید طبی آلات کی تنصیب شامل ہیں۔ایک سرکاری ہومیو پیتھک میڈیکل کالج اور ہسپتال، ایک نئی ڈسٹرکٹ لائبریری، منشی پریم چند کے گھر پر ایک میوزیم اور 881 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے جانے والے زیر زمین کیبلنگ پروجیکٹ کیلئے سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔وزیر اعظم کسان ندھی اسکیم کے حصے کے طور پر ملک بھر میں 9.70 کروڑ سے زیادہ اہل کسانوں کے بینک کھاتوں میں 20,500 کروڑ کی براہ راست منتقلی کا حکم دیں گے۔
پی ایم مودی جلسہ عام سے خطاب کریں گے:
سیواپوری اسمبلی حلقہ کے بنولی گاؤں میں وزیر اعظم نریندر مودی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ بیان کے مطابق ہوائی اڈے پر گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور دیگر بی جے پی لیڈران وزیر اعظم کا استقبال کریں گے۔دلیپ پٹیل نے کہا کہ یہ وزیر اعظم مودی کا 51 واں کاشی دورہ ہوگا۔ صبح تقریباً 10 بجے لال بہادر شاستری بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد، وزیر اعظم ہیلی کاپٹر سے سیواپوری اسمبلی حلقہ کے گاؤں بنولی (کالیکا دھام) میں جلسہ عام کے مقام پر پہنچیں گے۔ اس جلسہ عام میں 50 ہزار سے زائد لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔