مہاراشٹرا کے پونے سے ایک ایسی دل دہلا دینے والی خبر سامنے آئی ہے جسے سن کر روح کانپ اٹھے۔ اس واقعے نے ایک بار پھر انسانی رشتوں، اعتماد اور بھروسے پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ لوہا گڑھ قلعے میں ٹریکنگ کے دوران 300 فٹ گہری کھائی میں گر کر ہلاک ہونے والے 26 سالہ نوجوان کیتن اگروال کی موت محض ایک حادثہ نہیں، بلکہ اس کی منگیتر سیا گوئل اور اس کے مبینہ عاشق چیتن چودھری کی ایک خوفناک اور سوچی سمجھی سازش تھی۔ پونے ایس پی سندیپ سنگھ کی قیادت میں جب موبائل ریکارڈز، کال ڈیٹیلز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو کھنگالا گیا، تو فوٹو گرافی کے دوران توازن بگڑنے کا جھوٹا دعویٰ بے نقاب ہو گیا اور پولیس نے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے، جنہوں نے اپنا گناہ قبول کر لیا ہے۔
سالگرہ کا جشن یا موت کا جال؟
مقتول کیتن اگروال ایک نامور رئیل اسٹیٹ کمپنی کا ڈائریکٹر تھا، جس کی منگنی رواں سال فروری میں سیا گوئل سے ہوئی تھی۔ 18 جون کی صبح کیتن اپنی منگیتر سیا کی سالگرہ منانے کے لیے لوہا گڑھ قلعہ گیا تھا، جہاں سیا نے اپنے عاشق چیتن کو بھی بلا لیا۔ 19 جون کو ٹریکنگ کے دوران دونوں نے مل کر معصوم کیتن کو 300 فٹ گہری کھائی میں دھکا دے دیا، جس سے اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
پولیس تفتیش میں چونکانے والا انکشاف
پولیس تفتیش میں چونکا دینے والا انکشاف ہوا ہے، پولیس کے مطابق کیتن کو مار نے کے لئے پہلے بھی تین مرتبہ سازش رچی گئیں تھی۔ 31 مئی کی کوشش: سیا نے سانپ کے حملے کا بہانہ بنا کر کیتن کو وادی میں دھکیلنے کی کوشش کی تھی، لیکن وہ بچ گیا۔ 14 جون کی کوشش: لوہا گڑھ قلعے پر ہی سیا نے کیتن کو دھکا دیا تھا، مگر وہ ایک درخت کا سہارا لے کر محفوظ رہا۔ کیتن اپنی ہونے والی بیوی پر اس قدر اندھا بھروسہ کرتا تھا کہ اس نے ان لرزہ خیز واقعات کو محض ایک اتفاق یا مذاق سمجھ کر ٹال دیا۔
پری ویڈنگ شوٹ اور پاسپورٹ چوری کا معمہ
کیتن اور سیا نے پری ویڈنگ شوٹ کے لیے بالی (Bali) جانے کا پلان بنایا تھا۔ ایئرپورٹ پر ایک ہی بیگ میں چار لوگوں کا سامان، کریڈٹ کارڈز اور کرنسی موجود تھی، لیکن صرف کیتن کا پاسپورٹ پراسرار طور پر چوری ہو گیا۔ خاندان کا اب ماننا ہے کہ یہ بھی فلائٹ کینسل کروا کر کیتن کو دوبارہ قلعے پر لانے اور موت کے گھاٹ اتارنے کی ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، رواں سال نومبر میں راجستھان کے اودے پور کے ایک شاہی محل میں دونوں کی انتہائی دھوم دھام سے شادی ہونے والی تھی، جس کا بجٹ تقریباً 17 کروڑ روپے تھا اور مہمانوں کے لیے دو پرائیویٹ طیاروں کا انتظام کیا گیا تھا۔ تاہم، سیا اس شادی کے لیے تیار نہیں تھی اور کیتن کو اپنے اور اپنے عاشق چیتن کے درمیان کی سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتی تھی۔
مقتول کی ماں کا رو رو کر برا حال، موت کی سزا کا مطالبہ
اس ہولناک واقعے کے بعد کیتن کی ماں شدید صدمے میں ہیں اور انصاف کی گہار لگا رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا:"آج میرا بیٹا چلا گیا... اس کی پوری ذمہ دار سیا اور اس کا بوائے فرینڈ ہے۔ میں نے سیا کو اپنی بہو کی طرح مانا تھا، اس نے مجھے اتنا بڑا دھوکہ دیا۔ مجھے صرف اور صرف ان کے لیے موت کی سزا چاہیے!"پولیس اب اس بات کی گہرائی سے تفتیش کر رہی ہے کہ کیا اس بہیمانہ قتل اور گھناؤنی سازش میں ان دونوں ملزمان کے علاوہ بھی کوئی اور چہرہ شامل تھا۔