پارلیمنٹ میں بہار کے خصوصی گہری جانچ،ایس آئی آر کے مسئلے پراپوزیشن پارٹیوں کا احتجاج لگاتار جاری ہے۔ اپوزیشن نے حکومت پر،ووٹ چوری کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایس آئی آر کے عمل کا استعمال ووٹر فہرست میں ہیر پھیر اور اپوزیشن کے ووٹ بینک کو کمزور کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔کانگریس سمیت اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں احتجاج کیا، جس میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی شرکت کی۔
منفرد اندازمیں احتجاج
اس موقع پر اپوزیشن کے ارکان نے ایک منفرد انداز اپنایا۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، سماج وادی پارٹی کی ایم پی ڈمپل یادو، اور انڈیا بلاک کے دیگر رہنما پارلیمنٹ کے گیٹ پر جمع ہوئے اور 124 سالہ مِنتا دیوی کی تصویر اور نام والی سفید ٹی شرٹس پہن کر نعرے لگائے۔ اپوزیشن کا کہنا تھا کہ مِنتا دیوی بہار کی ووٹر لسٹ میں پہلی مرتبہ درج ہوئی ہیں لیکن ان کی عمر 124 سال لکھی گئی ہے، جو مبینہ ووٹر دھاندلی کی علامت ہے۔ڈمپل یادو نے کہااگر ہم ابھی ان دھاندلیوں کے خلاف آواز نہیں اٹھائیں گے تو کب اٹھائیں گے؟ جمہوری نظام کی بقا کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اور الیکشن کمیشن اس کا فوری نوٹس لیں۔ ان کے مطابق بی جے پی عوام کے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
الیکشن کمیشن ٹھیک سےکام نہیں کر رہا ہے
کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نےالیکشن کمیشن آف انڈیا پرالزام لگایاکہ وہ اپنا کام ٹھیک سے نہیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن کا رویہ آئین ہند کی توہین کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے تحفظ کے لیے ان کی جنگ جاری رہے گی۔راہل گاندھی نے کہا کہ ایک شخص، ایک ووٹ آئین کا نچوڑ ہے۔ انہوں نے ایک شخص، ایک ووٹ کے معاملے کو روندنے پر الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا رویہ آئین کے خلاف ہے اور وہ آئین کا تحفظ کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ایک شخص کا ایک ووٹ ہے، لیکن الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری صحیح طریقے سے ادا نہیں کر رہا۔
الیکشن کمیشن، بی جے پی کی ایک شاخ
شیوسینا یوبی ٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نےالزام لگایا کہ الیکشن کمیشن، بی جے پی کی ایک شاخ کی طرح کام کررہا ہے۔ سنجے راؤت نے کہا کہ جو لڑائی راہل گاندھی نے شروع کی ہے ہم ان کے ساتھ ہے۔ سنجے راؤت نے مزید کہا کہ یہ آندولن ، جے پی تحریک سے بھی بڑا رہے گا۔
اپوزیشن خوفزدہ: مرکزی وزیر
مرکزی وزیر رام داس اَٹھاولے کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بحث کے لیے بلایا تھا لیکن وہ لوگ نہیں گئے، مجھے لگتا ہے کہ وہ خوفزدہ ہیں، یہ اچھی بات نہیں ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر راہل گاندھی کے الزامات بالکل بے بنیاد ہیں۔