Wednesday, September 02, 2026 | 18 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • راہل گاندھی آج ناسک کے دورے پر، قبائلی نوجوانوں اور طلبہ سے کریں گے ملاقات

راہل گاندھی آج ناسک کے دورے پر، قبائلی نوجوانوں اور طلبہ سے کریں گے ملاقات

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Sep 02, 2026 IST

راہل گاندھی آج ناسک کے دورے پر، قبائلی نوجوانوں اور طلبہ سے کریں گے ملاقات
کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی آج مہاراشٹرا کے شہر ناسک کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ضلع کانگریس صدور کے لیے منعقد 10 روزہ تربیتی کیمپ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اس دورے کو کانگریس تنظیم کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس دوران پارٹی کی تنظیمی مضبوطی، زمینی سطح پر رابطے اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
 
راہل گاندھی اپنے دور ناسک کے دوران صرف پارٹی عہدیداروں سے ہی ملاقات نہیں کریں گے بلکہ مقامی قبائلی نوجوانوں، طلبہ کے نمائندوں اور مختلف مسائل کو لے کر احتجاج کرنے والے طلبہ سے بھی بات چیت کریں گے۔ وہ نوجوانوں اور طلبہ کے مسائل سنیں گے اور ان کے خدشات سے براہِ راست واقفیت حاصل کریں گے۔
 
کانگریس ذرائع کے مطابق راہل گاندھی کے دورے کے سلسلے میں تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پارٹی کارکنوں اور مقامی عہدیداروں میں ان کے دورے کو لے کر خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ خاص طور پر نوجوان اور طلبہ راہول گاندھی سے ملاقات کے لیے پرجوش ہیں تاکہ وہ اپنے مسائل اور مطالبات براہِ راست ان کے سامنے رکھ سکیں۔
 
ناسک اور اس کے آس پاس کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے قبائلی نوجوانوں کی بھی راہل گاندھی سے ملاقات متوقع ہے۔ اس دوران تعلیم، روزگار اور دیگر مقامی مسائل پر گفتگو ہو سکتی ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی ہمیشہ نوجوانوں اور عام لوگوں سے براہِ راست رابطے کو اہمیت دیتے رہے ہیں اور ناسک کے دورے کے دوران بھی وہ مختلف طبقات کے لوگوں کی بات سنیں گے۔
 
دوسری جانب، ضلع صدور کے لیے منعقد 10 روزہ تربیتی کیمپ کے اختتامی اجلاس میں راہل گاندھی کانگریس کے مقامی اور ضلعی عہدیداروں سے خطاب کریں گے۔ توقع ہے کہ وہ پارٹی تنظیم کو مضبوط بنانے، عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اٹھانے اور کارکنوں کے درمیان بہتر رابطہ قائم کرنے پر زور دیں گے۔
 
کانگریس ذرائع کے مطابق اس تربیتی کیمپ کا مقصد ضلع سطح کے پارٹی عہدیداروں کو تنظیمی طور پر مزید مضبوط اور فعال بنانا ہے، تاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام سے بہتر رابطہ قائم کر سکیں اور مقامی مسائل کو پارٹی کے ذریعے مؤثر طریقے سے اجاگر کر سکیں۔
 
راہل گاندھی کے ناسک دورے کو مہاراشٹرا میں کانگریس کی تنظیمی سرگرمیوں اور نوجوانوں و طلبہ سے رابطے کی کوششوں کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ اب سب کی نظریں ان کی ملاقاتوں اور اختتامی اجلاس میں ہونے والے خطاب پر مرکوز ہیں۔