ریونت نے راج ناتھ کو تلنگانہ گلوبل سمٹ-2026 سمٹ کی دعوت دی
ڈی آر ڈی ایل پروجیکٹ کے لیے زمین مفت مختص کرنے کی درخواست
رام موہن کے ساتھ ریاست میں ہوائی اڈوں کی توسیع پر تبادلہ خیال
تلنگانہ میں ہیلی ٹورازم کو فروغ دینے کی بھی اپیل
تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی جو دہلی کے دورے پر ہیں، نے یکے بعد دیگرے مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور شہری ہوابازی کے وزیر رام موہن نائیڈو سے ملاقات کی۔ انہوں نے مرکزی وزراء کے ساتھ ریاست کی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے متعلق کئی اہم مسائل پر بات چیت کی۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سےملاقات
چیف منسٹر نے راج ناتھ سنگھ کو 'انوسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ-2026' میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا، جسے تلنگانہ حکومت بڑے وقار کے ساتھ منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے مرکزی وزارت دفاع سے ڈیفنس ایکسپو میں شرکت کی اپیل کی جو اس عالمی سربراہی اجلاس کا حصہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے محبوب نگر ضلع کے دیوراکدرا میں مجوزہ ڈی آر ڈی ایل پروجیکٹ کے لیے مفت اراضی مختص کرنے کو کہا۔ عادل آباد ہوائی اڈے کی تزئین و آرائش کے معاملے کو راج ناتھ کی توجہ دلاتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اس پروجیکٹ کے لیے 750 ایکڑ اراضی پہلے ہی حاصل کی جا چکی ہے اور ریاستی حکومت ضرورت پڑنے پر مزید 750 ایکڑ اراضی حاصل کرنے کے لیے تیار ہے۔
راج ناتھ سنگھ کو انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ کی دعوت
ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے بھی ملاقات کی اور انہیں تلنگانہ حکومت کی جانب سے منعقد کیے جانے والے Invest Telangana Global Summit 2026 میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سمٹ 7 سے 9 دسمبر تک بھارت فیوچر سٹی میں منعقد کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے راج ناتھ سنگھ سے Defence Expo 2026 کا افتتاح کرنے کی درخواست بھی کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایکسپو میں ایرو اسپیس، دفاع اور خلائی شعبوں پر خصوصی اجلاس کے علاوہ ایئر شو، صنعتی نمائش اور زمینی دفاعی نظام کی لائیو ڈسپلے بھی منعقد کی جائیں گی۔
ریونت ریڈی نے دفاعی ایکسپو میں ملک بھر کی دفاعی صنعتوں، اسٹارٹ اپس اور نوجوان سائنس دانوں کی شرکت کی توقع ظاہر کرتے ہوئے وزارتِ دفاع سے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے ایئر شو کے لیے ضروری فضائی حدود کی اجازت دینے اور انڈین ایئر فورس، سوریہ کرن اور سارنگ ایروبیٹک ٹیموں کی شرکت میں تعاون کی بھی درخواست کی۔انہوں نے HAL، BEL، BDL، MDL اور دیگر دفاعی سرکاری اداروں کے ساتھ DRDO کی لیبارٹریوں سے بھی ایکسپو میں بڑے پیمانے پر شرکت کرکے مقامی دفاعی ٹیکنالوجی پیش کرنے کی اپیل کی۔ وزیر اعلیٰ نے غیر ملکی دفاعی حکام، دوطرفہ دفاعی وفود اور بین الاقوامی دفاعی اداروں کے نمائندوں کے ساتھ ملاقاتوں کے لیے بھی مرکزی وزارت سے تعاون طلب کیا۔
عادل آباد ایئرپورٹ کے لیے مزید 750 ایکڑ زمین دینے کی پیشکش
ریونت ریڈی نے وزیر دفاع کو بتایا کہ عادل آباد ایئرپورٹ کے لیے ریاستی حکومت پہلے ہی 750 ایکڑ زمین حاصل کرچکی ہے۔ چونکہ وزارتِ دفاع کی جانب سے مجموعی طور پر 1,500 ایکڑ زمین طلب کی گئی ہے، اس لیے ریاستی حکومت مزید 750 ایکڑ اراضی حاصل کرکے فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
اس کے علاوہ محبوب نگر ضلع کے دیورکدرا منڈل میں DRDL کے تحت مجوزہ اہم منصوبے کے لیے 416.18 ایکڑ زمین مختص کرنے پر TGIIC کی منظوری سے بھی وزیر اعلیٰ نے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ زمین فی ایکڑ کے بجائے پوری زمین کے لیے سالانہ صرف ایک روپے کے معمولی لیز کرائے پر 33 سال کے لیے فراہم کی جائے گی، جبکہ ضرورت پڑنے پر لیز میں مزید دو مرتبہ توسیع کی گنجائش بھی ہوگی۔
ملاقاتوں کے دوران ریاستی وزیر توانائی ویویک وینکٹ سوامی، ارکان پارلیمنٹ اے کے وائی ریڈی، ڈاکٹر ملو روی، سریش شیٹکر اور پوریکا بالم نائک، ریاستی حکومت کے پروٹوکول مشیر ہرکارا راؤ، چیف سیکریٹری سنجے جاجو، وزیر اعلیٰ کے سیکریٹری مانک راج اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔
بعد ازاں، تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے دہلی میں مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر کے رام موہن نائیڈو سے ملاقات کی ۔اور ریاست میں ہوائی اڈوں کی توسیع اور ترقی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر کے رام موہن نائیڈو کو ریاست میں عادل آباد اور مَمونور (ورنگل) ایئرپورٹس کی تعمیر کے کام میں تیزی لانے کی اپیل کی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ مَمونور ایئرپورٹ کے لیے ضروری اراضی کا حصول مکمل کرکے ریاستی حکومت نے زمین فراہم کردی ہے۔
ملاقات کے دوران ریونت ریڈی نے عادل آباد ایئرپورٹ پر کارگو اور مسافر ٹرمینل کے ساتھ MRO (Maintenance, Repair and Overhaul) سہولت قائم کرنے کی درخواست بھی کی۔ انہوں نے عادل آباد ایئرپورٹ کے رن وے کو حتمی شکل دینے کے لیے وزارتِ دفاع اور شہری ہوا بازی کے درمیان مشترکہ اجلاس منعقد کرنے کی بھی اپیل کی۔
مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو نے بتایا کہ ورنگل کے مَمونور ایئرپورٹ کے لیے دو ہفتوں میں ٹینڈرز طلب کیے جائیں گے اور دسمبر تک ٹینڈر کا عمل مکمل کرکے اسی ماہ کام کا سنگِ بنیاد رکھنے کا منصوبہ ہے۔وزیر اعلیٰ نے تلنگانہ میں ہیلی ٹورازم کو فروغ دینے کی بھی اپیل کی۔ شہری ہوا بازی کے حکام نے بتایا کہ حیدرآباد کے حسین ساگر میں سی پلین لینڈنگ سے متعلق رپورٹ دو ہفتوں میں ریاستی حکومت کو پیش کردی جائے گی۔