آندھرا پردیش میں دو الگ الگ واقعات میں دو خاندانوں کے سات افراد بشمول پانچ نابالغوں کی موت ہوگئی، جس کی وجہ گھریلو پریشانی بتائی گئی، پولیس نے جمعہ کو یہ بات بتائی ۔ایک شخص نے خود کو پھانسی دینے سے پہلے اپنے تین بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ ایک خاتون نے دو بچوں سمیت ٹرین کے نیچے آکر خودکشی کرلی۔ یہ واقعات بالترتیب پرکاشم اور سریکاکولم اضلاع میں پیش آئے۔
تین بیٹیوں کو قتل کرنے کےبعد باپ کی خودکشی
پرکاشم کے چیماکورتی منڈل کے آگرہرام گاؤں میں ایک شخص نے اپنی تین نابالغ بیٹیوں کو قتل کرنے کےبعد خودکشی کرلی ۔35 سالہ ایکولا سدھاکر نے خود کو پھانسی دینے سے پہلے اپنے بچوں کو زہر دے کر ہلاک کر دیا۔ اپنی بیوی کے والدین کے گھر سے واپس نہ آنے پر ناراض سدھاکر نے اپنی بیٹیوں، 13 سالہ گوچیتا، 11 سالہ پوجیتا اور 8 سالہ لوکیتا کو کھانے میں زہر دے کر قتل کردیا۔تینوں لڑکیوں کے مرنے کے بعد وہ گاؤں کے مضافات میں ایک کھیت میں گیا اور پھانسی لگا لی۔
پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ انہوں نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات کر رہے ہیں۔
دوبچوں کےساتھ خاتون نےٹرین کے نیچے آکر موت کو گلےلگایا
سریکاکولم ضلع میں دوسرے واقعہ میں ایک خاتون نے اپنے دو بچوں سمیت چلتی ٹرین کے نیچے آکر خودکشی کرلی۔28 سالہ پوجا، اس کے بیٹے 5 سالہ کشانت اور بیٹی دکشیتا (3) کی لاشیں پلاسا اور تلابدرا کے درمیان ریلوے ٹریک پر پائی گئیں۔ مقامی لوگوں نے ریلوے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے لاشوں کو قریبی سرکاری ہسپتال کے مردہ خانہ میں منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔خیال کیا جاتا ہے کہ خاتون نے کچھ گھریلو پریشانیوں کی وجہ سے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش میں پتا چلا کہ پوجا کے اپنے شوہر سے اختلافات تھے۔سریکاکولم کے بھوناپڈو سے تعلق رکھنے والی پوجا نے آٹھ سال قبل اسی ضلع کے چلمایا پیٹا کے وینکٹیا سے شادی کی تھی۔یہ خاندان وجئے واڑہ میں مقیم تھا، اور وہ گرمیوں کی تعطیلات کے لیے چلمایا پیٹا آئے تھے۔
پوجا جمعرات کی صبح اپنے بچوں کے ساتھ گھر سے نکلی تھی۔ انہوں نے جمعرات کی رات پلاسا ریلوے اسٹیشن پر گزارنے کی اطلاع دی۔ بعد میں، وہ بچوں کے ساتھ ریلوے ٹریک پر گئی، وہاں انہیں مضبوطی سے پکڑے بیٹھ گئی جب ایک تیز رفتار ٹرین ان پر چڑھ گئی۔پوجا کی ماں نے الزام لگایا کہ اس نے اپنے سسرال والوں کی طرف سے ہراساں کیے جانے کی وجہ سے اپنے بچوں کے ساتھ خودکشی کر لی۔