راجستھان کے کوٹہ میں بدھ کی دیر رات بڑا سانحہ پیش آ یا۔ یہاں مسافروں سے بھری ایک سلیپر بس بے قابو ہو کر الٹ گئی اور ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی۔ حادثہ آر کے پورم تھانہ علاقے میں واقع ہینگنگ برج کے پاس نیا گاؤں کے قریب پیش آیا۔ حادثے میں 3 مسافروں کی جان چلی گئی، جبکہ 35 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ بس الٹنے کے بعد باہر گرے مسافروں کو ایک ٹرالے نے کچل دیا، جس سے ان کی موت ہو گئی۔
بس ڈرائیور کو نیند آ جانے سے ہوا حادثہ
پولیس افسران نے بتایا کہ پرائیویٹ کمپنی کی بس احمد آباد سے بدھ دوپہر 12 بجے مدھیہ پردیش کے بھنڈ-مورینا کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ رات تقریباً 12 بجے ڈرائیور کو نیند آ گئی اور اس نے بس کا کنٹرول کھو دیا۔ بس کافی تیزی سے جا رہی تھی، جس کی وجہ سے وہ ایک چھوٹی پل پر ٹکرا گئی اور ڈیوائیڈر کو پار کر کے دوسری لین میں جا کر الٹ گئی۔ حادثے کے وقت بس میں 60 مسافر سوار تھے، جو گنجائش سے زیادہ تھے۔
بریک لگنے کے باوجود مسافروں پر چڑھ گیا ٹریلر
بتایا جا رہا ہے کہ بس کے سامنے کا شیشہ ٹوٹنے سے آگے بیٹھے مسافر باہر کی جانب چھٹک کر گر گئے ۔ اسی دوران اپنی لین میں آ رہے ایک ٹریلرنے بس کو دیکھ کر ایمرجنسی بریک لگائی۔ تاہم، بریک لگنے سے بس اور ٹریلرکی ٹکر تو نہیں ہوئی، لیکن بس سے باہر گرے مسافر ٹرالی کے نیچے آ گئے، جس سے ان کی موت ہو گئی۔ بس میں زیادہ تر مسافر مدھیہ پردیش کے تھے۔ ٹریلرکے ڈرائیور اور کلاسی کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔