منصف ٹی وی کے خصوصی ہیلتھ پروگرام میں ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ رات کے وقت زور زور سے خراٹے لینا صرف ایک عام عادت نہیں بلکہ یہ خطرناک بیماری “سلیپ اپنیا” کی علامت بھی ہوسکتی ہے، جسے نظر انداز کرنا جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔
بچوں اور بالغ کیلئےکتنے گھنٹے کی نیند ضروری ہے
پروگرام “ہیلتھ اور ہم” میں سواسا ہاسپٹل، نارائن گوڑہ حیدرآباد کے کنسلٹنٹ کلینیکل و انٹروینشنل پلمونولوجسٹ، الرجسٹ اور سلیپ ڈس آرڈر اسپیشلسٹ ڈاکٹر وویک ویوردھن ویرپاننی نے بتایا کہ ایک صحت مند بالغ شخص کو روزانہ کم از کم 7 سے 8 گھنٹے مسلسل نیند لینی چاہیے، جبکہ بچوں کے لیے 10 سے 14 گھنٹے نیند ضروری ہے۔
زیادہ خراٹے کس چیز کی علامت ؟
ڈاکٹر وویک کے مطابق اگر کسی شخص کو بہت زیادہ خراٹے آتے ہوں، سانس بار بار رکتی ہو یا نیند کے دوران گھٹن محسوس ہو تو یہ “سلیپ اپنیا” کی واضح علامات ہوسکتی ہیں۔ اس بیماری میں سوتے وقت سانس چند سیکنڈ سے لے کر ایک منٹ تک رک سکتی ہے، جس کے باعث جسم میں آکسیجن کی سطح خطرناک حد تک گر جاتی ہے۔
سلیپ اپنیا کے مریض علامات؟
انہوں نے کہا کہ سلیپ اپنیا کے مریض دن بھر تھکن، غنودگی، سر درد اور چڑچڑاپن محسوس کرتے ہیں۔ بعض افراد گاڑی چلاتے وقت بھی نیند محسوس کرتے ہیں، جو حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق ہندوستان میں تقریباً 20 فیصد سڑک حادثات سلیپ اپنیا سے جڑے ہوئے ہیں۔
بیماری کو نظر انداز کرنے کیا ہوتا ہے؟
ماہرین نے خبردار کیا کہ اس بیماری کو نظر انداز کرنے سے ہائی بلڈ پریشر، شوگر، دل کے دورے، فالج اور بے ترتیب دل کی دھڑکن جیسے خطرناک مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ ڈاکٹر وویک نے بتایا کہ اکثر دل کے دورے اور برین اسٹروک صبح کے وقت اسی وجہ سے ہوتے ہیں کیونکہ رات بھر جسم کو مناسب آکسیجن نہیں مل پاتی۔
بچوں میں سلیپ اپنیا کی علامات ؟
انہوں نے بچوں میں بھی سلیپ اپنیا کی علامات پر روشنی ڈالی۔ ان کے مطابق اگر بچے سوتے وقت زور سے خراٹے لیتے ہوں، بار بار کروٹ بدلتے ہوں، دن بھر غیر معمولی حد تک ہائپر ایکٹو رہتے ہوں یا پڑھائی میں کمزور ہوں تو یہ نیند کی خرابی کی علامت ہوسکتی ہے۔
چند اہم مشورے
ماہرین نے بہتر نیند کے لیے چند اہم مشورے بھی دیے، جن میں وقت پر سونا، رات کا کھانا جلد کھانا، موبائل فون اور اسکرین سے دور رہنا، کمرے کو پرسکون اور تاریک رکھنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیند کوئی عیش و آرام نہیں بلکہ جسم کی بنیادی ضرورت ہے۔
عوام سے اپیل
ڈاکٹر وویک نے عوام سے اپیل کی کہ اگر گھر میں کسی کو مسلسل خراٹے، سانس رکنے یا نیند کی خرابی کی شکایت ہو تو فوری طور پر سلیپ اسپیشلسٹ سے رجوع کریں تاکہ بروقت علاج ممکن ہوسکے۔
قارئین ڈاکٹر وویک کی مکمل گفتگو آپ یہاں دیکھ سکتےہیں۔