Wednesday, May 27, 2026 | 09 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • ایبولا وائرس کا خطرہ پہنچا بھارت !یوگنڈا سے بنگلورو آنے والی خاتون میں وائرس کی علامات

ایبولا وائرس کا خطرہ پہنچا بھارت !یوگنڈا سے بنگلورو آنے والی خاتون میں وائرس کی علامات

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 27, 2026 IST

ایبولا وائرس کا خطرہ  پہنچا بھارت  !یوگنڈا سے بنگلورو آنے والی خاتون میں وائرس   کی علامات
افریقہ میں پھیلے خطرناک ایبولا وائرس کا مبینہ خطرہ بھارت تک پہنچ گیا ہے۔ کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں یوگنڈا سے آئی ایک 28 سالہ خاتون میں ایبولا وائرس جیسی علامات پائی گئی ہیں۔ یہ خاتون 23مئی کو کیمپے گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچی تھیں، جہاں اسکریننگ کے دوران بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں اندرا نگر میں واقع سرکاری وبائی امراض کے اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ یوگنڈا سے واپسی پر خاتون نے جسم میں ہلکے درد کی شکایت کی تھی۔
 
ٹیسٹ کے لیے نمونے روانہ:
 
محکمہ صحت کے پرنسپل سکریٹری رتوک رنجنم پانڈے نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون کو جسم میں معمولی درد کے علاوہ کوئی اور سنگین علامت نہیں ہے اور ان کی مجموعی صحت اب تک ٹھیک ہے۔ مریضہ کے خون اور دیگر ضروری نمونےحاصل کر کے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے پونے میں واقع 'نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی' (NIV) بھیج دیے گئے ہیں۔
 
ان نمونوں کی فائنل رپورٹ بدھ کے روز آنے کی امید ہے۔ مرکزی وزارتِ صحت کے حکام ریاستی انتظامیہ کے ساتھ مل کر صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور عالمی ادارہ صحت (WHO) کے طے کردہ ہیلتھ پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
 
خاتون پہلے ہوٹل میں زیرِ نگرانی تھیں:
 
میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ خاتون احمد آباد کے راستے بنگلورو پہنچی تھیں۔ ہوائی اڈے پر ابتدائی جانچ اور مانیٹرنگ کے بعد انہیں پہلے ایک ہوٹل بھیج دیا گیا تھا۔ لیکن جیسے ہی خاتون نے جسم میں درد جیسی ہلکی علامات کی اطلاع دی، انہیں فوری طور پر سرکاری اسپتال کے مخصوص وارڈ میں  منتقل کر دیا گیا۔ محکمہ صحت کے اہلکار اب ان تمام افراد کی فہرست تیار کر رہے ہیں جو ہوائی اڈے سے لے کر ہوٹل تک اس خاتون کے ساتھ کسی نہ کسی طرح رابطے (Contacts) میں آئے تھے، تاکہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکیں۔
 
بھارت میں اب تک ایبولا کا کوئی مصدقہ کیس نہیں:
 
واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت (WHO) نے 17 مئی کو جمہوریہ کانگو اور یوگنڈا میں ایبولا کی بڑھتی ہوئی وباء کو 'بین الاقوامی تشویش کی عوامی صحت کی ہنگامی صورتحال' (PHEIC) قرار دیا تھا۔
 
اس کے بعد، بھارتی وزارتِ صحت نے احتیاطی اقدامات کے تحت یوگنڈا اور کانگو جیسے افریقی ممالک سے آنے والے تمام مسافروں کو 21 دنوں تک سخت نگرانی میں رکھنے کی ہدایات جاری کی تھیں، اور یہ خاتون بھی اسی قانون کے تحت زیرِ نگرانی تھیں۔ راحت کی بات یہ ہے کہ اب تک بھارت میں ایبولا وائرس کا ایک بھی مصدقہ کیس سامنے نہیں آیا ہے۔