حج 2025 کے پہلے قافلے کو حیدرآباد کے نامپلی حج ہاؤس سے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے شاندار انداز میں روانہ کیا گیا۔ اس تقریب میں جامعہ نظامیہ کے شیخ الجامعہ مولانا مفتی خلیل احمد، تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید غلام افضل بیابانی، تلنگانہ وقف بورڈ کے چیئرمین سید عظمت اللہ حسینی، تلنگانہ اسٹیٹ مائنارٹی فنانس کارپوریشن کے چیئرمین محمد عبیداللہ کوتوال، اور حکومت تلنگانہ کی سینئر آئی اے ایس افسر شیخ یاسمین باشا نے شرکت کی۔حیدر آباد سے پہلی حج فلائیٹ میں بھارت کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے 285 عازمین حج شامل تھے ، جو اپنے مقدس سفر کے لیے روانہ ہو ئے ہیں۔
اس موقع پر کرناٹک کےچیف منسٹر سدارامیا نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ ملک کی بھلائی اورکرناٹک کے عوام کیلئے دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کے لوگ ایک ہی ماں کے بچوں کی طرح زندگی گزاریں، یہی سماج کو دی جانے والی بہترین خدمت ہے۔سدارامیا نے کرناٹک ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے منعقدہ عازمین حج کی فلائیٹس کے آغاز کے موقع پر خطاب کیا ،انہوں نے کہاکہ جاریہ سال تقریباً 8635 عازمین سفر مقدس کے لئے روانہ ہو رہے ہیں۔
اور آئندہ مہینے کی 15 تاریخ تک تقریباً 27 پروازوں کے ذریعے لوگ حج پر جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام عازمین کے محفوظ اور کامیاب سفر کی تمنا کی اور مقدس مقام مکہ میں ملک خصوصاً ریاست کے عوام کی بھلائی کے لئے دعا کرنے کی درخواست کی۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کبھی بھی کسی ایک طبقے یا مذہب کے لوگوں کی خوشنودی کے لئے کوئی منصوبہ نہیں بنائے گی۔ ہمارا خواب ہے کہ کنڑا دھرتی تمام قوموں کے لئے امن کا باغ بنے۔