نئی دہلی:جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے کہا کہآج دنیا جس تباہی کے موڑ پر کھڑی ہے، وہاں سے واپسی صرف اور صرف محسن انسانیت ﷺ کی سیرتِ طیبہ کی پیروی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ سیرت کا پیغام صرف مسلمانوں ہی نہیں، بلکہ تمام انسانوں تک پہنچانا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔مولانا مدنی آج بہار کے ضلع کشن گنج کے قطب گنج میں جمعیۃ علماء کشن گنج کے زیر اہتمام حیاتِ رسول کوئز کمپٹیشن کے شاندار انعامی پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ مولانا مدنی نے زور دے کر کہا کہ ہمارے بچوں کو یہ جاننا ضروری ہے کہ ان کی زندگی محض انفرادی نہیں بلکہ قومی و اجتماعی ہے۔ جو صرف اپنے لیے جیتے ہیں وہ دراصل قوم پر بوجھ ہیں، اور زندہ وہی ہے جو دوسروں کے لیے جیتا ہے۔ یہ شعور، سیرت طیبہ کے مطالعے سے ہی پیدا ہو سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہنبی کریم ﷺ کی محبت عین ایمان ہے اور یہی زندگی کا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔ آج کی نوجوان نسل کو سیرتِ نبویؐ سے جوڑنا ہماری سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ پروردگارِ عالم نے ہمیں یہ عظیم شرف عطا فرمایا کہ ہمیں اپنے محبوب حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا امتی بنایا۔
انسان کے لیے انسان ہونا بذاتِ خود ایک شرف ہے، مگر اگر وہ انسان اپنی شرافت کے باوجود اپنے پیدا کرنے والے کو نہ پہچانے، تو اس کی ساری شرافت خاک میں مل جاتی ہے۔سچی شرافت تبھی ممکن ہے جب انسان اپنے خالق کو پہچانے، اسے جانے، اس سے اپنا رشتہ جوڑے۔ اور اللہ تعالیٰ کو پہچاننے اور جاننے کا ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں، سوائے اس کے کہ ہم اس کے محبوب ﷺ کی سیرت کو اپنائیں، ان کے احکامات پر عمل کریں، ان کے اسوۂ حسنہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔
جمعیۃ علماء ہند کی شاخ کشن گنج نے سیرتِ طیبہ ﷺ کو نسلِ نو تک پہنچانے کے لیے ایک بابرکت قدم اٹھایا ہے۔ بچوں کے دلوں میں سیرتِ رسول ﷺ کی روشنی بٹھانے، ان کی تعلیم و تربیت کو نبوی سانچے میں ڈھالنے کے لیے ایک سلسلۂ مقابلہ جاتی پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔یہ محض ایک مقابلہ نہیں، بلکہ ایک تعلیمی و تربیتی تحریک ہے — جس کا مقصد ہے کہ ہر بچہ سیرتِ پاک ﷺ سے واقف ہو، اور اسی کو اپنا نمونہ بنائے۔
پروگرام کی صدارت نائب صدر جمعیۃ علماء کشن گنج حضرت مولانا مفتی محمد عیسی جامی قاسمی نے کی، جب کہ سرپرستی صدر جمعیۃ علماء بہار مولانا مفتی محمد جاوید اقبال قاسمی نے کی۔اجلاس کی نظامت جمعیۃ علماء کشن گنج کے ترجمان و سکریٹری مفتی محمد مناظر نعمانی قاسمی نے کی۔ اپنے افتتاحی خطاب میں انہوں نے کہا کہ:ہمارے بچوں کی ایک بڑی تعداد محسن انسانیت ﷺ کی حیاتِ طیبہ سے لاعلم ہے۔ یہی خلیج ختم کرنے کے لیے جمعیۃ کشن گنج مسلسل سیرت پر مبنی پروگراموں کا انعقاد کر رہی ہے۔
جمعیۃ علماء کشن گنج کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد خالد انور قاسمی اور کوئز کمپیٹشن کے کنوینر جناب مولانا ابوسالک شہید ندوی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء شہر کشن گنج کی جد وجہد سے سیرت کوئز کمپیٹشن کا یہ پروگرام گزشتہ کئی سالوں سے شاندار انداز سے منعقد ہوتا آرہا ہے، اب تک الحمدللہ اس پروگرام میں 10 ہزار سے بچے مستفید ہوچکے ہیں، اس سیرت کوئز کمپیٹشن میں 100 سے زائد اسکولوں کے تقریبا 3000 طلبہ وطالبات نے شرکت کی، ان میں ان کی عمروں کے اعتبار سے دوگروپ بنایا گیا تھا گروپ A اور گروپ B دونوں گروپ میں اول، دوم اور سوم پوزیشن لانے والے طلبہ وطالبات کو بالترتیب 10 ہزار،5 ہزار اور 3 ہزار کااجلاس کے مہمان خصوصی کے ہاتھوں سے نقد انعام دیا گیا، اس کے علاوہ ممتاز طلبہ و طالبات اور ممتاز اسکول و مدارس کو بھی گرانقدر انعامات اور شیلڈ دیا گیا، اور تمام شرکا کو سرٹیفکیٹ اور ایک ایک قلم دے کر بھی حوصلہ افزائی کی گئی۔ گروپ سے اول ، دوم اور سوم پوزیشن بالترتیب نایاب کوکب، توفیہ ناز، منیرہ کشف نے حاصل کی جب کہ گروپ بی سے اول پوزیشن نورانی بیگم، دوم اور سوم بالترتیب رضیہ گلنارخانم اور شاہ جمال نے حاصل کیے ۔
مفتی جاوید اقبال قاسمی صدر جمعیۃ علماء بہار نے کہا کہ آپ ﷺ کی سیرت مطہرہ ہر انسان کے لیے زندگی کے ہر شعبہ میں بہترین رہنمائی فراہم کرتی ہے ۔ انفرادی ، اجتماعی، قومی اور خانگی زندگی تک کوئی پہلو ایسا نہیں جس میں آپ ﷺ کی حیات طیبہ سے رہنمائی نہ لی جا سکے۔ اس موقع پر مولانا محمد خالد انور جنرل سکریٹری جمعیۃ علماءکشن گنج نے سیرت کوئز میں کے اجلاس تقسیم انعامات میں شریک مہمانان عظام اور طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ ہم صدر جمعیۃ علماء ہند کے حکم مطابق یہ پروگرام تسلسل کے ساتھ منعقد کرتے رہیں گے اور ہماری کوشش ہوگی اس سے اور بہترانداز میں یہ پروگرام منعقد ہو۔ مولانا ابوسالک ندوی کنوینر سیرت کوئز کمپیٹشن نے رزلٹ کا اعلان کیا اور قائد جمعیۃ مہمان خصوصی کے ہاتھوں کامیاب طلبہ وطالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔
اس موقع پرمحمد مسلم کسان بیکری، جناب اختر الایمان ایم ایل اے امور، مولانا سعود اسرار ایم ایل اے ٹھاکر گنج، اظہار آصفی ایم ایل اے کوچادھامن، قمر الہدی سابق ایم ایل اے کشن گنج، مولانا قاری نوشاد عادل آرگنائزر جمعیۃ علماءہند ، محمد خالد سی او، قاری سالم انظر ، مولانا نصیر الدین استاذحدیث ادارہ فیض القرآن ٹھیکری باڑی، الحاج مسعود صاحب، شفا حفیظ انسان اسکول، ڈاکٹر جمال ، ماسٹر سفیر الدین راہی اوریکل اسکول چکلہ اور دیگر معززین شہر شریک اجلاس رہے،نیز اس پروگرام میں جمعیۃ علماء کشن گنج کے تمام اراکین و خدام نے نہ صرف شرکت کی بلکہ مکمل تندہی کے ساتھ پروگرام کو کامیابی سے ہم کنار کرانے میں اپنا قائدانہ کردار ادا کیا۔