جنوبی ہند کی ریاست آندھراپردیش کے ضلع الوری سیتا راما راجو ڈسڑکٹ( Alluri Sitharama Raju district )میں ایک انتہائی دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ جہاں سیلفی لینے کی کوشش کے دوران تین طالبات آبشار میں گر کر ہلاک ہو گئیں، جبکہ ایک طالبہ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ اننتاگیری منڈل کے قریب مولگمّی علاقے میں واقع ایک خوبصورت مگر خطرناک آبشار پر پیش آیا۔
سیروتفریح بنی جان لیوا
اطلاعات کے مطابق، ہکومپیٹ منڈل کے جُمبوولاسا گاؤں سے تعلق رکھنے والی چار طالبات حال ہی میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات مکمل کرنے کے بعد سیر و تفریح کے لیے آبشار دیکھنے گئی تھیں۔
مہلوکین طالبات کی شناخت
مہلوکین طالبات کی شناخت تریشا (17)، رتّن کماری (16) اور پویترا (16) کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ ان کی ایک اور ساتھی انجلِی اس حادثے میں شدید زخمی ہو گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق، چاروں لڑکیاں آبشار کے کنارے کھڑی ہو کر سیلفی لے رہی تھیں کہ اچانک ان کا توازن بگڑ گیا اور وہ پانی میں جا گریں۔
تین لڑکیوں کی موقع پر ہی موت
بدقسمتی سے، تریشا، رتّن کماری اور پویترا موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ انجلِی کو مقامی افراد نے فوری طور پر بچا کر قریبی لنگاپرتی اسپتال منتقل کیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اور اسے مسلسل طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
پولیس نے درج کیا معاملہ جانچ جاری
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ پولیس نے تینوں طالبات کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا ہے اور واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
علاقہ میں غم کا ماحول
اس سانحے کے بعد متاثرہ گاؤں میں کہرام مچ گیا ہے۔ ایک ہی وقت میں تین کم عمر لڑکیوں کی موت نے پورے علاقے کو سوگ میں ڈبو دیا ہے۔ اہل خانہ اور مقامی افراد غم سے نڈھال ہیں اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔
سلیفی لیتے وقت احتیاط ضروری
یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ سیلفی لیتے وقت احتیاط انتہائی ضروری ہے، خاص طور پر خطرناک مقامات جیسے پہاڑی علاقوں اور آبشاروں کے قریب۔ حکام نے عوام، خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی جان کی حفاظت کو ترجیح دیں اور غیر محفوظ مقامات پر سیلفی لینے سے گریز کریں۔