• News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • بنگلورو ہوٹل میں دو بیٹیوں کی موت، والد کی خودکشی کی کوشش

بنگلورو ہوٹل میں دو بیٹیوں کی موت، والد کی خودکشی کی کوشش

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Aug 11, 2026 IST

بنگلورو ہوٹل میں دو بیٹیوں کی موت، والد کی خودکشی کی کوشش
بنگلورو میں ایک شخص نے اپنی دو کم عمر بیٹیوں کے ساتھ ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں کمرہ بک کرایا، جہاں دونوں بچیاں مردہ پائی گئیں جبکہ ان کا والد شدید زخمی حالت میں ملا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ یہ قتل اور خودکشی کی کوشش کا معاملہ ہے۔
 
پولیس کے مطابق 40 سالہ ایس جی عمران نے اپنی 10 اور 5 سالہ بیٹیوں کے ساتھ ہوٹل میں چیک اِن کیا تھا۔ اگلے روز شام تقریباً 4 بجے ہوٹل کے صفائی کے عملے نے کمرے کا دروازہ کھٹکھٹایا، لیکن اندر سے کوئی جواب نہیں ملا۔ عملہ کمرے میں داخل ہوا تو دونوں بچیاں ایک ہی بستر پر مردہ پڑی تھی، جبکہ عمران کو کمرے کے بیت الخلا میں شدید زخمی حالت میں پایا گیا۔ اس کی گردن پر گہرا زخم تھا اور وہ خون میں لت پت تھا۔ ہوٹل کے سیکیورٹی عملے نے عمران کو فوری طور پر منی پال اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
 
پولیس ذرائع کے مطابق عمران کو شبہ تھا کہ اس کی بیوی کے کسی دوسرے شخص کے ساتھ تعلقات ہیں۔ مبینہ طور پر اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ نہیں چاہتا تھا کہ اس کی بیٹیاں ایسی ماں کے ساتھ رہے ، اسی وجہ سے اس نے اپنی بیٹیوں کو قتل کرنے اور خودکشی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بنگلورو پولیس کے ڈپٹی کمشنر جی کے متھن کمار نے بتایا کہ عمران اور اس کی دونوں بیٹیاں گزشتہ شام ہوٹل میں ٹھہرے تھے۔ پولیس کے مطابق عمران نے مبینہ طور پر دونوں بچیوں کا گلا دبا کر قتل کیا اور اس کے بعد خود اپنا گلا کاٹ کر خودکشی کی کوشش کی۔
 
پولیس کا کہنا ہے کہ عمران نے اپنی بیٹیوں کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس معاملے میں قتل کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور عمران کی حالت بہتر ہونے کے بعد اس سے مزید پوچھ تاچھ کی جائے گی۔ پولیس کے مطابق عمران ناگاواڑہ کا رہنے والا ہے۔  اس کا پیشہ کیا ہے، بیوی کے مبینہ تعلقات کے بارے میں اس کا دعویٰ درست ہے یا نہیں اور قتل کے پیچھے اصل وجہ کیا تھی، اس بارے میں مزید معلومات اس کے خاندان سے رابطہ کرنے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔