کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے بانی ابھیجیت ڈیپکے نے بتایا ہے کہ وہ ٹائیفائیڈ میں مبتلا ہیں، لیکن اس کے باوجود ان کی پارٹی کا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان استعفیٰ نہیں دیتے، تب تک ان کی تحریک ختم نہیں ہوگی۔ ڈیپکے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ بیماری ان کے احتجاج کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا، مجھے ٹائیفائیڈ ہوا ہے، لیکن دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ تک ہماری لڑائی جاری رہے گی۔
مظاہرین کا شکریہ ادا کیا
ابھیجیت ڈپیکے نے جنتر منتر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کرنے والے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے پرامن طریقے سے مظاہرے میں حصہ لے کر تحریک کو کامیاب بنایا ہے۔ انہوں نے مظاہرین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں احتجاج کرنے والے تمام لوگوں کی کوشش قابل تعریف ہے۔
دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ
ڈیپکے نے کہا کہ ان کی پارٹی کا بنیادی مطالبہ امتحانی نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف کاروائی اور وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ ہے۔ انہوں نےسونم وانگچک کا بھی ذکر کیا، جنہوں نے 26 دن کی بھوک ہڑتال ختم کی تھی۔ ڈپیکے نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وانگچک نے اپنی صحت کو دیکھتے ہوئے بھوک ہڑتال ختم کر دی، کیونکہ ان کی زندگی ملک کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ کوئی بھی بات چیت غیر جانبدار مقام پر ہونی چاہیے اور استعفیٰ کے علاوہ کسی بات کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
دہلی میں سیکیورٹی سخت
احتجاج کے پیش نظر دہلی میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ پولیس نے جنتر منتر اور دیگر علاقوں میں اضافی بیریکیڈز لگائے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ پولیس کے مطابق، احتجاج میں زیادہ لوگوں کی شرکت کا امکان ہے، اس لیے نئی دہلی کے اہم مقامات پر حفاظتی انتظامات بڑھا دیے گئے ہیں۔