ملک کی آزادی کے بعد پہلی بار مغربی بنگال میں بی جے پی کی حکومت بن گئی ہے۔سویندو ادھیکاری نے بطور وزیر اعلی کولکاتا کے پریڈ گراؤنڈ میں حلف لے لیا ہے۔اس موقع پروزیر اعظم نریندر مودی۔ وزیر داخلہ امیت شاہ ۔بی جے پی قومی صدر نتن نوین، این ڈی اے حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، بی جے پی سینئر قائدین سمیت پارٹی کے دیگر عہدیدار بھی موجود رہے۔
5 ایم ایل اے بھی بنے وزیر :
بی جے پی ایم ایل اے دلیپ گھوش نے بھی وزیر کے طور پر حلف لیا ہے۔ وہ کھڑگپور سے ایم ایل اے منتخب ہوئے ہیں۔
اگنی مترا پال نے بھی وزیر کے طور پر حلف لیا ہے۔ وہ بنگال میں بی جے پی کی نائب صدر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
اشوک کیرتنیا نے بھی وزیر کے عہدے کا حلف لیا ہے۔ وہ بونگاؤں نارتھ سے الیکشن جیت کر ایم ایل اے بنے ہیں۔
بنگال کے بنکورا ضلع کے رانی بند حلقے سے ایم ایل اے خودیرام توڈو نے بھی وزیر کے طور پر حلف لیا ہے۔
بنگال میں بی جے پی کے اہم رہنماؤں میں سے ایک نشیتھ پرمانک نے بھی وزیر کے عہدے کا حلف لیا ہے۔
خیال رہے کہ مغربی بنگال میں ملک کی آزادی کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ بی جے پی نے اسمبلی انتخابات میں 293 میں سے 207 سیٹیں جیت کر اکثریت حاصل کی ہے۔
کون ہیں سویندو ادھیکاری ؟
سویندو ادھیکاری کرکولی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ششیر ادھیکاری منموہن سنگھ حکومت میں سابق مرکزی وزیر مملکت تھے۔ سویندو نے اپنی سیاست کا آغاز کانگریس سے کیا اور 1995 میں کانتھی میونسپلٹی کے کونسلر اور 2006 میں کونٹائی سے ایم ایل اے منتخب ہوئے۔ وہ 2007-08 میں نندی گرام تحریک کے دوران TMC سے وابستہ ہوئے اور پارٹی کو اقتدار دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 2020 میں وہ بی جے پی میں شامل ہوئے اور 2021 کے اسمبلی انتخابات میں ممتا بنرجی کو شکست دی۔ وہ بنگال اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی رہ چکے ہیں۔
ریاست میں پہلی بار بی جے پی کو اکثریت:
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے نتائج 4 مئی کو آئے تھے، جس میں بی جے پی نے ریاست کی 294 نشستوں میں سے 207 نشستیں جیت کر تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسری طرف ترنمول کانگریس (TMC) صرف 80 نشستوں تک محدود ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے دو نشستوں سے انتخاب لڑا تھا اور دونوں پر انہیں سویندو ادھیکاری کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کانگریس کو صرف 2 نشستیں ملیں، اور اس طرح ریاست میں پہلی بار بی جے پی کی حکومت بننے جا رہی ہے۔